سازگار نتائج کے لئےعوام اور تاجربرادری کی مشاورت سے فیصلے کریں گے، وزیرخزانہ

  • ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ، محمد اورنگزیب
اپ ڈیٹ 24 جون 2024

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سازگار نتائج کے لیے عوام اور تاجر برادری کی مشاورت سے فیصلے کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

یاد رہے کہ وزیرخزانہ اس وقت مالی سال 25-2024 کے بجٹ کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں ۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی بی سی کے چیئرمین شبیر دیوان کی سربراہی میں وفد نے وفاقی وزیر خزانہ سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔

وفد نے ملاقات میں نئے مالی سال کے بجٹ پر تبادلہ خیال کیا اور حکومت کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے مخصوص ٹیکس تجاویز بھی پیش کیں۔

اس موقع پر وزیرخزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی سفارشات کو نوٹ کیا جا رہا ہے اور جس حد تک ممکن ہوا بجٹ کو حتمی شکل دینے میں ان پر غور کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس بیس کو وسیع کرنے اور خوردہ فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ عوام اور کاروباری برادری دونوں کیلئے سازگار نتائج کو یقینی بنانے کے لئے باہمی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے بھی شرکت کی۔

گزشتہ ہفتے پی بی سی نے 20 جون 2024 کو اپنے خط میں حکام پر زور دیا تھا کہ وہ بجٹ 2024-25 میں اپنی متعدد بجٹ تجاویز کو درست کریں۔

پی بی سی کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس ریونیو بڑھانے کی تجویز غیر منصفانہ ہے۔

دریں اثنا وزیر خزانہ نے جمعرات کو ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اس بات پر غور کرے گی کہ بجٹ 2024-25 میں نئے اقدامات سے ٹیکس کا بوجھ بڑھنے کے بعد تنخواہ دار طبقے کو کس طرح تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔

Read Comments