آرمی چیف سے چینی وزیر کی ملاقات، سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف

ریڈیو پاکستان کے مطابق چین کی کمیونسٹ پارٹی (آئی ڈی سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو جیان چاؤ نے چینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں پاک فوج کے تعاون کا اعتراف کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کے دوران کیا۔

لیو جیان چاؤ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لئے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے چینی شہریوں اور پاکستان میں منصوبوں کو تحفظ فراہم کرنے میں پاکستان کی مسلح افواج کی حمایت کا اعتراف کیا۔

ملاقات میں آرمی چیف نے چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کے ایک اہم منصوبے سی پیک پر عمل درآمد کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔

Read Comments