پاکستان اور چین کا سی پیک کو مخالفین سے بچانے کا عزم

پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کو مخالفین سے بچانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چینی وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وفود کی سطح کے مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی اہلکاروں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں تمام سطح اور دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔

23 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ممتاز زہرہ بلوچ نے یہ بھی بتایا کہ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں دونوں وزرائے اعظم نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر، صنعت، توانائی، زراعت، میڈیا، صحت، پانی، سماجی و اقتصادی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مقصد سے 23 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک نے گورننس اور صنعتی پارکوں کی ترقی سے متعلق صلاحیت سازی سے متعلق ورکشاپس کے لیے لیٹرز آف انٹنٹ پر دستخط کیے۔ گوادر میں پاک چائنا فرینڈشپ اسپتال اور گوادر میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کے لیے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیا گیا۔

Read Comments