آذربائیجان کا علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کا اعتراف

  • آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات

آذربائیجان نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے اور مسلسل حمایت کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں جامع معاونت اور تعاون فراہم کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی بھی تعریف کی۔

یاد رہے کہ جمعرات کو آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Read Comments