امریکا کی پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کی یقین دہانی

  • امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے، ڈونلڈ بلوم
اپ ڈیٹ 28 مئ 2024

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پیر کے روز وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات میں پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے لیے واشنگٹن کی حمایت کا اعادہ کیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ایک طویل مدتی بڑے قرضہ پروگرام کا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی قرضوں میں اضافے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے مسائل سے دوچار ہے۔

امریکی سفارت خانے کے قائم مقام ترجمان تھامس منٹگمری نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آج وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر نے پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے لیے جاری امریکی حمایت پر روشنی ڈالی۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات میں کام کرنے کے لئے پرعزم ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ، اعلی معیار کی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ اور پاکستان کے معاشی مستقبل کے لئے ایک مضبوط شراکت دار ہے۔

پاکستان کا 3 ارب ڈالر کا ایس بی اے گزشتہ ماہ طے پایا تھا لیکن اسلام آباد آئی ایم ایف کے ساتھ 24 ویں بیل آؤٹ معاہدے کا خواہاں ہے اور امید کرتا ہے کہ ایک طویل مدتی پروگرام اسے استحکام کی راہ پر گامزن کرے گا۔

بہت سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 7 جون کو حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کیے جانے کے بعد آئی ایم ایف اور پاکستان عملے کی سطح کے معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔

گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف کے مشن نے، جس نے 23 مئی کو اپنا دورہ مکمل کیا تھا، کہا تھا کہ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف نے ایک نئے پروگرام پر عملے کی سطح کے معاہدے (ایس ایل اے) تک پہنچنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2023 کے اسٹینڈ بائی انتظامات (ایس بی اے) کی کامیاب تکمیل کے ذریعے حاصل ہونے والے معاشی استحکام کی بنیاد پر آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام نے ایک جامع معاشی پالیسی اور اصلاحاتی پروگرام پر اسٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) تک پہنچنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے جسے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت معاونت فراہم کی جاسکتی ہے۔

Read Comments