متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان

ڈبلیو اے ایم نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں امید افزا اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی جانب سے آج ابوظہبی میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے ساتھ ”پاکستانی معیشت کو مضبوط کرنے، اس کی حمایت کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے“ کے لیے ہونے والی بات چیت کے بعد سامنے آیا۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے یہ اطلاع دی۔

وزیر اعظم شہباز جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر پہنچے جہاں اطلاعات کے مطابق کہ پاکستان میں سرمایہ کاری ان کے ایجنڈے میں سرفہرست ہوگی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق، آج کی ملاقات میں، وزیر اعظم شہباز کے ہمراہ نائب وزیر اعظم/ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے النہیان خاندان کے قریبی افراد مرحوم شیخ تہنون بن محمد النہیان اور مرحوم شیخ حزہ بن سلطان النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

پی ٹی وی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، “اس ملاقات نے سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔

شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت موجودہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں سماجی و اقتصادی استحکام کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے۔

انہوں نے توانائی، پورٹ آپریشنز منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری تعاون کے معاہدوں پر بامعنی عملدرآمد کو یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے 1.8 ملین پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے انسانی وسائل کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کیا جو کہ متعدد شعبوں میں کام کر سکتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم شہباز نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ پی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ یو اے ای کے صدر نے دعوت قبول کر لی۔

Read Comments