وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیاہے کہ پنجاب حکومت آئندہ چار ماہ میں صوبے کے کسانوں کے لیے 400 ارب روپے کا پیکیج متعارف کرانے جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ اعلان جمعرات کو پھول نگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے دیہی صحت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ جہاں تک ہمارے کسانوں کا تعلق ہے میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ ہم اگلے چار ماہ کے اندر کسانوں کے لیے 400 ارب روپے کا پیکج متعارف کرانے جا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے ہر کسان کو ہر فصل پر 150,000 روپے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس رقم سے کسان کھاد اور بیج خرید سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں گندم کا کوئی بحران نہیں ہے اور صوبائی حکومت نے گندم کی خریداری کے عمل میں ”کرپشن کے تمام دروازے“ بند کر دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے لیے پنجاب کے 13 کروڑ عوام کا مفاد سب سے اوپر ہے، نواز شریف عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے پر اصرار کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صوبے میں صحت اور تعلیم کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب بھی نواز شریف کی حکومت ہٹائی گئی ملک میں ترقی رک گئی۔

انہوں نے خود کو اور وزیر اعظم شہباز شریف کو نواز شریف کے سپاہی بتاتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ حکومت نے پانچ سال کی مدت پوری کی تو پاکستان اور پنجاب مکمل طور پر بدل جائیں گے۔