وزیراعظم شہبازشریف نے حکومتی درآمدات کا ایک خاص حصہ گوادر بندرگاہ سے کرنے کی ہدایت کردی ۔
یہ ہدایت وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور چینی سرمایہ کاری کے تحت دیگر منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ ملکی درآمدات بالخصوص سرکاری درآمدات کا ایک خاص حصہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے کیا جائے۔
اس موقع پر شہبازشریف نے سی پیک فیز 2 پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے وزارتوں کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزارتوں اور سرکاری اداروں کی جانب سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی شراکت داری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ، متعلقہ افسران اور ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ دونوں ممالک کے لئے مثبت نتائج برآمد ہوں۔
اجلاس کو سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، قیصر احمد شیخ، سردار اویس لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024