وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق انکی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پیش رفت پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت لاہور میں گندم کی طلب و رسد اور وفاقی حکومت کے خریداری پروگرام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد سامنے آئی۔

انہوں نے کہا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم خریداری کے عمل کو موثر اور شفاف بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک موبائل فون ایپلیکیشن تیار کی جانی چاہیے۔

وزیراعظم نے پاسکو اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پاسکو کو ہدایت کی کہ وہ 0.4 ملین میٹرک ٹن اضافی گندم شفاف اور موثر طریقے سے خریدے۔

پاسکو، جو پاکستان میں ایک سرکاری ملکیت والی کارپوریشن ہے جو زرعی اجناس کی خریداری، اسٹوریج اور تقسیم کو یقینی بنا کر ملک میں غذائی تحفظ کو برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہے، حالیہ دنوں میں گندم کے بحران کے دوران مشکلات میں آئی ہے۔

گزشتہ ہفتے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت نے پاسکو کی ’نااہلی‘ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی تک 0.4 ملین میٹرک ٹن کے نظر ثانی شدہ گندم خریداری ہدف کا آغاز نہیں کیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے پینل برائے زراعت کے سربراہ چوہدری احمد جواد نے کہا کہ پنجاب کے گندم کے کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پاسکو کے حکام نے گندم کی خریداری روک دی جو وزیراعظم کی ہدایات کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایم ڈی پاسکو سے گندم کی خریداری کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ان سے ملاقات نہیں کرسکے۔