پاکستان

لاہور ہائیکورٹ کے باہر ہنگامہ آرائی : پولیس کا وکلا پر لاٹھی چارج اور شیلنگ

  • وکلاء کا ساتھی وکیل کے خلاف درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ
شائع اپ ڈیٹ

لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) کے باہر وکلا کی جانب سے دہشت گردی کے مقدمہ کے خلاف احتجاج شدید ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگیا۔

وکلا کی جانب سے احتجاج جاری تھا کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جس کے بعد پولیس اور وکلا کے مابین تلخ کلامی کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔

پولیس نے وکلا پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کے اراکین سمیت وکلاء نے نعرے بازی کرتے ہوئے ساتھی وکیل کے خلاف درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کرنے والے وکلا نے عدالت کے باہر باڑ لگا کر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی ، انہیں روکنے کے لیے پولیس اہلکاروں نے عدالت کے مین گیٹ تک ان کا راستہ روک دیا۔

پولیس نے وکلاء کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے واٹر کینن کا بھی استعمال کیا۔

آج نیوز کے مطابق ایک وکیل کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔