اخراجات کم کرنے کیلئے پنشن اصلاحات کررہے ہیں ، وزیر خزانہ
- جیسے جیسے افراط زرمیں کمی آئے گی ہم شرح سود میں کٹوتی دیکھیں گے، اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے معاہدے سے قبل پنشن اصلاحات متعارف کرانا چاہتی ہے کیونکہ وہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا ارادہ رکھتی ہے۔
منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن اخراجات کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی موجود تھے
حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے محمداورنگ زیب نے کہا کہ میں نے یہاں آنے سے پہلے جس ادارے کو چھوڑا تھا، ہم نے یہ پہلا قدم اٹھایا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 65 کر دی کیونکہ یہ آپ کے پیداواری سال ہیں اور آپ مدت میں توسیع کرکے اس کے نتائج کا استعمال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمیں سروس اسٹرکچر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ پنشن کے اخراجات کو کنٹرول میں لایا جا سکے۔
دریں اثناء وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر خزانہ کے ہمراہ کہا کہ پنشن اصلاحات کی جائیں گی جس کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔
تارڑ نے کہا کہ سالانہ آمدنی کا ایک بڑا حصہ ریٹائرمنٹ کے فوائد اور پنشن کی ادائیگی پر خرچ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے کیونکہ سول سرونٹس، مسلح افواج، عدالتی ادارے اور ایگزیکٹو ادارے شامل ہیں۔
وزیر قانون نے بتایا کہ پنشن اصلاحات سے متعلق سفارشات پیش کرنے کے لئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔سفارشات کو حتمی شکل دینے کے بعد عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
دریں اثنا، سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ دورہ ایک زبردست اعتماد بڑھانے والا تھا جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اقتصادی اشاریے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کے ساتھ بات چیت مثبت رہی ۔ ملک درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا مشن رواں ماہ پاکستان پہنچے گا جہاں ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر اہم مذاکرات ہوں گے۔
اصلاحات کے تحت ہم اپنے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو 9 سے بڑھا کر 13 سے 14 فیصد کرنا چاہتے ہیں۔ توانائی شعبے میں اصلاحات متعارف کروائیں اور سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری کریں۔
وزیرخزانہ نے سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو ایک اچھا آپشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت کو اپنے غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کی ضرورت ہے جس پر وفاقی حکومت کو عمل درآمد کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی مدد سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
آئی ایم ایف اور پاکستان
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا مشن آئندہ 7 سے 10 روز میں پاکستان پہنچ جائے گا جس کا مقصد آئندہ پروگرام کے دورانیے اور حجم سمیت خدوخال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ہماری ترجیح توسیعی فنڈ کی سہولت کو حاصل کرنا ہے۔ دریں اثنا موسمیاتی فنانس کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی لیکن یہ بات چیت ترتیب وار کی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف کی تمام سفارشات سے ملک کو فائدہ ہوگا۔ لہذا میں اسے پاکستان پروگرام کہتا ہوں، جسے آئی ایم ایف کی حمایت، معاونت اور مالی اعانت حاصل ہے۔
پالیسی ریٹ میں کمی کا امکان
پالیسی ریٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق بینکر کا کہنا تھا کہ شرح سود اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے دائرہ اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے افراط زر میں کمی آئے گی ہم جلد ہی شرح سود میں کٹوتی دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے اپنی تازہ ترین مانیٹری پالیسی بیان میں کہا ہے کہ ستمبر 2025 میں افراط زر کی شرح 5 سے 7 فیصد کے درمیان رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جون، جولائی اور اگست میں شرح سود میں کمی دیکھی جا سکتی ہے۔