سپریم کورٹ کے 6 رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے عدالتی کام میں مداخلت سے متعلق خط سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل چھ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

یہ کارروائی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور اس کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کی جارہی ہے۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل پیش کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی کیونکہ انہیں 30 اپریل کی سماعت کا حکم نامہ نہیں ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج حکم نامہ موصول ہوتا ہے تو حکومت کل تک اپنا جواب داخل کرسکے گی۔

گزشتہ سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ ریاست کو ججوں کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی آزادی کا بھی تحفظ کرنا ہے۔