سپریم کورٹ نے پیر کو فیض آباد دھرنے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر اعوان پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان (اے جی پی) منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے توچیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ کیا انہوں نے کمیشن کی رپورٹ پڑھی؟
اٹارنی جنرل نے نفی میں جواب دیا تو چیف جسٹس نے رپورٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد دوبارہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ کمیشن نے کس قسم کی رپورٹ بنائی ہے اور استفسار کیا کہ اس کے باقی ارکان کہاں ہیں۔
اٹارنی جنرل آفس نے اتوار کو فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی تھی۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ 150 صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ فیض آباد دھرنے کے حالات سے متعلق ہے۔
میڈیا رپورٹس جو کہ غیر مصدقہ ہیں کے مطابق انکوائری رپورٹ میں فیض آباد دھرنے کی ذمہ داری کسی فرد یا ادارے پر عائد نہیں کی گئی۔
فیض آباد دھرنا
یاد رہے کہ نومبر 2017 میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت ٹی ایل پی نے تقریباً 3 ہفتوں تک احتجاج کیا اور دھرنا دیا ۔ وہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ مظاہرین نے اس وقت کے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔
فیض آباد دھرنا فیصلہ: چیف جسٹس نے سوال کیا کہ ہر کوئی خوفزدہ اور سچ بولنے سے کیوں گریزاں ہے؟
مظاہرین کی بڑی تعداد کو منتشر کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں اور رینجرز کی مدد سے آپریشن شروع کیا اور آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔ جوابی کارروائی میں مظاہرین نے سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا۔ جھڑپ میں متعدد افراد زخمی اور کم از کم 6 ہلاک ہو گئے۔
مظاہرین اور حکومت کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد احتجاج ختم ہوا۔ معاہدے میں سے ایک میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کا استعفیٰ بھی شامل تھا جسے انہوں نے بعد میں پیش کیا۔
فیصلہ
جسٹس عیسیٰ نے فیض آباد دھرنے کے فیصلے میں لکھا تھا کہ آئین نے مسلح افواج کے ارکان کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی میں شامل ہونے سے منع کیا ہے۔
حکومت پاکستان کو وزارت دفاع کے ذریعے فوج، بحریہ اور فضائیہ کے متعلقہ سربراہان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے زیر کمان ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کریں جو اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ہیں ۔ یہ فیصلہ موجودہ چیف جسٹس عیسیٰ نے تحریر کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت، محکمہ یا انٹیلی جنس ایجنسی سمیت آئین کے آرٹیکل 19 میں بیان کردہ پیرامیٹرز سے ہٹ کر آزادی اظہار رائے اور پریس کے بنیادی حق کو ختم نہیں کر سکتی۔