جولائی تک پی آئی اے کی نجکاری کو حتمی شکل دیدی جائے گی، وزیر خزانہ
- وزیراعظم بہت واضح ہیں کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے، محمد اورنگزیب
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری جون کے آخر یا جولائی کے شروع تک مکمل ہو جائے گی۔
اورنگزیب نے یہ باتیں پیر کو اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بہت واضح ہیں کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے اور اس لیے ہمیں نجکاری کے ایجنڈے کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سے ہی کچھ ٹرانزیکشنز دیکھ سکتے ہیں جو اس وقت چل رہی ہیں - چاہے وہ ہماری قومی ایئر لائن پی آئی اے ہو، یا اسلام آباد ایئرپورٹ ۔ ہم یقینی طور پر امید کرتے ہیں کہ جون کے آخر یا جولائی کے شروع تک ہم ان ٹرانزیکشنز کو مکمل کرلیں گے۔
پی آئی اے کی نجکاری میں بڑے سرمایہ کاروں کی طرف سے کافی دلچسپی دکھائی جارہی ہے،جن میں ایئر لائنز اور کاروباری تنظیمیں شامل ہیں، جنہوں نے اس نجکاری کیلئے اپنی دلچسپی کے اظہارات جمع کرائے ہیں۔
گزشتہ ہفتے، نجکاری کمیشن نے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کی درخواست پر اسٹیٹمنٹ آف کوالیفیکیشن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 17 مئی 2024 تک توسیع کر دی تھی۔
ہفتہ کو مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (ہولڈکو) کے ذریعہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ کے حصول کی منظوری دیتے ہوئے انضمام کا ایک حکم نامہ جاری کیا تھا۔
انضمام کے حکم سے پی آئی اے کی نجکاری کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔
پیر کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اورنگزیب نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن آئندہ سات سے دس روز میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔
پاکستان کا مالی سال جولائی سے جون تک چلتا ہے اور مالی سال 2025 کا بجٹ، نئی حکومت کا پہلا بجٹ 30 جون سے پہلے پیش کرنا ہے۔
پاکستان گزشتہ موسم گرما میں آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر دستخط کرنے کے بعد ڈیفالٹ سے بچا تھا، جس کے تحت پاکستان کو گزشتہ ماہ آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط موصول ہوئی تھی۔
دریں اثنا، پیر کو کاروباری وفد سے خطاب کرتے ہوئے اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے موسم بہار کی ملاقاتوں کے دوران آئی ایم ایف سے درخواست کی کہ ہم ایک بڑے اور طویل پروگرام میں جانا چاہتے ہیں، اور انہوں نے اس درخواست کو قبول کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم توقع کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کا مشن اگلے سات سے دس دنوں میں پاکستان پہنچ جائے گا، جہاں ہم نئے پروگرام پر بات چیت شروع کریں گے۔
اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد میکرو اکنامک استحکام اور ساختی اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو موجودہ 9 فیصد سے بڑھا کر 14-15 فیصد کرنے کی ضرورت ہے۔
اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہمیں توانائی کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنا ہوگا، کیونکہ اگر ہم مسابقتی توانائی کی طرف نہیں جاتے تو ہم مسائل سے نہیں نکل پائینگے۔ ہمیں ایس او ای (سرکاری اداروں) میں اصلاحات بھی کرنی ہے۔
سرمایہ کاری کے لیے معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط کرنے کے مقصد سے اتوار کو پاکستان پہنچنے والے سعودی تجارتی وفد سے خطاب کرتے ہوئے اورنگزیب نے ملک کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو مکمل سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں کی بہتری کے لیے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے پر توجہ دے رہی ہے۔
ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اورنگزیب نے کہا کہ یہ ایک مثبت راستے پر ہے۔ گنے، چاول اور گندم سمیت بمپر فصلوں کی وجہ سے زرعی جی ڈی پی 5 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ رواں مالی سال کے دوران ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے کم رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 9 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گئے ہیں، جو تقریباً دو ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں۔ ہماری کرنسی پچھلے دس مہینوں میں مستحکم رہی ہے، جبکہ افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 17 فیصد پر آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی اور اداروں کی سرمایہ کاری بھی دیکھنے میں آئی ہے۔