پاکستان

سعودی عرب کا اعلیٰ تجارتی و سرکاری وفد پاکستان پہنچ گیا

پاکستانی کاروباری اداروں اور حکومت کے ساتھ تجارتی معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری پربات چیت ہوگی
شائع اپ ڈیٹ

سعودی عرب کا ایک تجارتی اور سرکاری وفد بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) اجلاسوں میں شرکت کے لیے اتوار کو پاکستان پہنچ گیا۔

وفاقی وزراء مصدق ملک اور جام کمال خان نے اسلام آباد آمد پر وفد کا استقبال کیا۔

پاکستان آنے والے اس وفد میں زراعت، ٹیکنالوجی، ریٹیل اور کارپوریٹ شعبوں سے تعلق رکھنے والی تیس سے زائد سعودی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہیں۔

سوشل میڈیا ایپ ایکس پر حکومت پاکستان کی جانب سے شائع کردہ اعلامیہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ تجارتی معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق معیشت کے مختلف شعبوں میں طے شدہ امورپر بات چیت ہوگی اور حکومت کے ساتھ کاروباری اداروں اور دونوں حکومتوں کے درمیان باہمی معاہدوں پر بھی کچھ پیش رفت متوقع ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں کاروباری اداروں کے مابین( بزنس ٹو بزنس) اہم بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان نے بڑھتے ہوئے بیرونی قرضوں اور ملک میں کم غیرملکی سرمایہ کاری سمیت مختلف معاشی چیلنجوں کے پیش نظر خلیجی ممالک کے شراکت داروں بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ اپنے روابط میں اضافہ کیا ہے اور اسے زراعت، آئی ٹی اور کان کنی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب، سعودی عرب کے کاروباری وفد کی اسلام آباد آمد اور ان شعبوں میں متوقع سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر قسم کی حمایت کی پیشکش پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم کے مطابق انہیں امید ہے کہ پاکستانی تاجروں اور سعودی وفد کے درمیان ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے گزشتہ ماہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران کہا تھا کہ رکاوٹوں پر قابو پاکر سرمایہ کاری بڑھانے کا بہترین موقع موجود ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سرمایہ کاری کی اس سطح میں اضافے کے کافی امکانات موجود ہیں جس کی منصوبہ بندی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔’