بظاہر ایسا لگ رہاہے کہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب نے بلآخر اپنے نام نہاد برادرانہ تعلقات کو اس راہ پر گامزن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ تعلقات دونوں ترقی پذیر ممالک کو مشترکہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے حصول کی طرف لے جائیں گے۔

موجودہ دنیا میں قومی ریاستیں اپنے قومی مفاد کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔ قومی مفاد ہی حکمرانوں کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ مصروفیات کا واحد معیار بنتا ہے۔جیسا کہ کہاوت ہے کہ ’’بین الاقوامی سیاست میں کوئی مستقل دشمن اور مستقل دوست نہیں ہوتا بلکہ مفاد ہی مستقل ہوتا ہے‘‘۔

روایتی طور پر سعودی عرب پاکستان کو اپنے خام تیل کے سب سے بڑے خریداروں میں سے ایک کے طور پر دیکھ رہا ہے، جو کہ توانائی کی کمی کا شکار اسلام آباد ایک سال میں اس کا کم ازکم 30 فیصد استعمال کرتا ہے۔

سعودی عرب پاکستان کیلئے ترسیلات زر کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے، سعودیہ میں ملازمت پذیر پاکستانی شہری زرمبادلہ کا ایک بڑا حصہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں نے گزشتہ سال 27 ارب ڈالر وطن بھیجے جو کہ مالی سال 2022-23 میں ملک کی 27.7 بلین ڈالر کی برآمدات کے تقریباً برابر ہیں۔

جب کہ پاکستان میں بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے اور گزشتہ برس یہ اضافے کے بعد 7.5 فیصد ہوگئی ہے۔ مالی سال 25 میں یہ شرح 8.5 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد یقینی طور پر اب یہ چاہے گا کہ اس کی زیادہ سے زیادہ نوجوان آبادی کو ریاض میں اس کے خیر خواہ باہمی مفاد کیلئے جگہ دیں۔

دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح سعودی عرب مشرق وسطیٰ کے خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔

پاکستان سعودی عرب سے تیل، پیٹرو کیمیکل اور مشینری درآمد کرتا ہے۔ پاکستان سے سعودی عرب کو اہم برآمدات میں ٹیکسٹائل، کھانے پینے کی مصنوعات اور تعمیراتی مواد شامل ہیں۔

دفاعی لحاظ سے بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے باقاعدہ جنگی مشقوں اور فوجی تربیتی پروگراموں کو انجام دیتے ہیں۔

پاکستان سعودی قیادت میں اسلامی فوجی اتحاد میں شامل ہے جسے اسلامی نیٹو بھی کہا جاتا ہے۔ اس اتحاد کا مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور علاقائی سلامتی کو فروغ دینا ہے۔

سعودی عرب پاکستان اور اس کے روایتی حریف بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کا ایک مضبوط حامی رہا ہے اور ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی کے مسائل جیسے انسداد دہشت گردی اور افغانستان میں امن کے اقدامات پر اسلام آباد کے ساتھ قریبی تعاون کرتا رہا ہے۔

دونوں ممالک تجارت سے لے کر توانائی اور دفاع سے لے کر علاقائی سلامتی تک تقریباً ہر شعبے میں تعاون کرتے رہے ہیں لیکن خاص طبقہ ان کی نظروں سے اوجھل رہا اور وہ سرمایہ کار ہیں۔

ایک کہاوت ہے کہ ’ضرورت ایجادات کی ماں ہے‘، ایسا لگتا ہے کہ موجودہ عالمی چیلنجز نے دونوں ممالک کے لیے دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں تلاش کرنے کی گنجائش پیدا کر دی ہے کیونکہ سعودیہ اپنی آمدن بڑھانے کیلئے شدت سے دیگر متعدد ذرائع تلاش کرنے کی کوشش کررہا ہے یا پھر یوں کہہ لیں کہ یہ اپنی آمدن کے ذرائع متنوع بنانے کی کوشش میں ہے جس کا انحصار اب تک صرف خام تیل پر ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اندازوں کے مطابق سعودی عرب کی معیشت سکڑ رہی ہے کیونکہ مالی سال 23 میں اس کی شرح نمو 6 فیصد تھی اور مالی سال 25 میں اس کے 0.8 فیصد سکڑنے کی توقع ہے۔

غیر مستحکم اور انتہائی مسابقتی تیل کی عالمی منڈی کے پیش نظر سعودی عرب کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اقتصادی سفارت کاری کا آغاز کر رہا ہے اور اپنی اقتصادی ٹیموں کو ہر اس ملک کے دوروں پر بھیج رہا ہے جو سرمایہ کاری کے لحاظ سے منافع بخش اور محفوظ نظر آتا ہے۔

پاکستان کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ سعودی عرب اپنی معیشت اور معاشرے میں ایک تاریخی اور بے حد متاثر کن تبدیلی سے گزر رہا ہے، جو محمد بن سلمان کی قیادت میں ویژن 2030 کی اصلاحات کے ذریعے کارفرما ہے۔ ان اصلاحات نے سعودی طرز زندگی کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے اور معاشرے کے بنیادی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے۔ ان میں خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں کے لیے اصلاحات ، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کی ترقی ، سیاحت، تفریح اور کھیل شامل ہیں۔

کئی دہائیوں سے سعودی عرب بنیادی طور پر مذہبی زیارتوں کے لیے ایک منزل کے طور پر جانا جاتا ہے، جو دنیا بھر سے لاکھوں مسلمانوں کو حج اور عمرے کے لیے راغب کرتا ہے۔ تاہم مملکت کا سیاحتی منظرنامہ بھی ایک اہم تبدیلی سے گزر رہا ہے جو مذہبی سیاحت سے ہٹ کر اب مختلف تجربات کی پیشکش کررہاہے۔ حالیہ برسوں میں سعودی عرب خاص طور پر پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے ایک بہترین تفریحی مقام کے طور پر ابھرا ہے۔

سعودی وزارت سیاحت 2030 تک غیر ملکی شہریوں کے 100 ملین دورے یقینی بنانے کی خواہش رکھتی ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے ذریعے شعبے کی ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔ سعودی وزارت سیاحت شعبے میں ملازمت کے 800,000 سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد جی ڈی پی میں اس شعبے کی شراکت کو 10 فیصد تک بڑھانا ہے۔

مملکت کے اعلیٰ سطح وفد کا حالیہ دورہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سعودیہ عرب نے اپنے نئے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ،جنہیں ایم بی ایس کے نام سے جانا جاتا ہے، کے وژن کے تحت پاکستان کے بارے میں اپنا نقطہ نظر تبدیل کر دیا ہے۔

ایم بی ایس اور شہباز شریف موجودہ اور مستبقل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے اپریل میں کم از کم دو بار ملاقات کر چکے ہیں۔

ایسا لگتا ہے کہ سعودیوں نے محسوس کیا ہے کہ پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے جس کے 240 ملین سے زیادہ صارفین ہیں جو پاکستان میں کسی بھی سرمایہ کاری کے منصوبے کے لیے مناسب ہے۔

جبکہ ڈالر کی کمی کے شکار پاکستان کو اپنے گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کے مستقل ذریعہ کے طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے اور یہی وہ چیز ہے جس سے سعودی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پاکستان نے سعودیہ کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنی سرمایہ کاری کے لیے قابل تجدید توانائی، کان کنی، زراعت، پن بجلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر غور کریں۔

سعودی عرب اور اسلام آباد نے پہلے ہی ریاض کے 5 بلین ڈالر کے ابتدائی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سعودی سرمایہ کاری میں سب سے نمایاں اس کا پاکستان کے ریکوڈک کان کنی کے منصوبے میں تقریباً 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ تاہم ایسے وقت میں جب سعودی عرب منافع بخش پاکستانی منڈیوں کو حاصل کرنے کے لیے کچھ عملی اقدامات کر رہاہے تو وہ یقینی طور پر مسلسل سیاسی عدم استحکام پر بھی نظر رکھے گا جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک سے دور رکھ رہا ہے۔