پاکستان نے چاند پر اپنا پہلا سیٹلائٹ مشن روانہ کردیا۔ پاکستان کے’’ ٗآئی کیوب قمر“ مشن کو جمعہ کے روز چین کے شہر ہینان سے چینی روبوٹک لونر مشن چانگ ای 6 کے ذریعے خلا میں روانہ کردیا گیا۔

پاکستان کا سیٹلائٹ آئی کیوب کیو سیٹ چین کے تاریخی چانگ ای 6 مون مشن کے حصے کے طور پر چاند کے گرد چکر لگائے گا۔ یہ چاند کے مدار سے اس کی سطح پر برف کے نشانات کا پتہ لگائے گا۔

پاکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (آئی ایس ٹی) کی جانب سے تیار کردہ یہ چھوٹا سیٹلائٹ جسے’’ کیوب سیٹ“ کے نام سے جانا جاتا ہے، دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تفصیلی تصاویر لینے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

اس مشن کی خلا میں روانگی کے موقع پر فرانس، اٹلی، پاکستان اور یورپی خلائی ایجنسی کے سائنسدان، سفارت کار اور خلائی ایجنسی کے افسران بھی موجود تھے۔ ان میں سے سبھی ممالک نے چانگ ای 6 کے ذریعے چاند کا مطالعہ کرنے والے پے لوڈ روانہ کئے ہیں۔

چانگ ای-6 کو چاند کے جنوبی قطب ایٹکن بیسن میں اترنے کا کام سونپا گیا ہے۔ چاند کا یہ حصہ مستقل طور پر زمین سے دور رہتا ہے۔یہ مشن چاند کی چٹانوں اور مٹی کی نمونے حاصل کرے گا۔

چانگ ای 6 پر چین فرانس، اٹلی، سویڈن اور پاکستان سے پے لوڈ لے کر چاند پر جا رہا ہے۔ جبکہ چانگ ای 7 روس، سوئٹزرلینڈ اور تھائی لینڈ سے پے لوڈ لے کر جائے گا۔