وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے لیے وسائل بروئے کار لائیں۔
یہ بات وزیراعظم نےپیر کو پاور سیکٹر کے منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں پاور سیکٹر کی نمائندگی کرنے والے مختلف وزراء اور حکام نے شرکت کی۔
انہوں نے آئل ٹینکرکمپنیوں کو مافیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بالآخر ہمیں قابل تجدید توانائی کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔اگر ہم متبادل ذرائع استعمال کریں تو اربو ں ڈالر تیل کادرآمدی بل کم کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے صوبے بھر میں بجلی چوری پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پر پنجاب حکومت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عام بات ہے کہ حکومت بجلی کی چوری کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مجھے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب میں بہت زیادہ پیش رفت ہوئی ہے، دوسرے صوبے بھی بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات اٹھائیں۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے اعتراف کیا کہ ہمارا بجلی کی ترسیل کا نظام بدستور خستہ حال ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے بغیر مطلوبہ فوائد کا حصول ناممکن ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام میں خامیاں اورکمزوریاں دور کرنا ناگزیر ہے۔
مزید برآں، وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پاور سیکٹر میں مسائل کے حل کے لیے عالمی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کریں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اضافی بجلی کے استعمال کا طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بارش کا حالیہ سلسلہ ایک اچھا شگون ہے اور اس سے پن بجلی کی پیداوار کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔