وزیر اعظم شہباز شریف نے 5 وفاقی وزرا کو اضافی قلمدان تفویض کر دیے۔
کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کو وزارت مذہبی امور کا اضافی قلمدان سونپ دیا۔ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کو وزارت مواصلات کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی۔
وفاقی وزیر صنعت و پیدوار رانا تنویر حسین کو وزارت غذائی تحفظ و تحقیق ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی قلمدان دے دیا گیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کو وزارت آبی وسائل کا اضافی چارج مل گیا ۔
بعدازاں کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹرز کی تقرری کے لیے دو الگ نوٹیفکیشنز بھی جاری کیے۔ پہلے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے رومینہ خورشید عالم، رکن قومی اسمبلی کو وزیر اعظم کا موسمیاتی تبدیلی کا کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔
ایک اور نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے شبیر احمد عثمانی کو فوری طور پر امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر کے طور پر تعینات کیا ہے۔
شبیر احمد عثمانی کی تقرری اعزازی حیثیت سے ہوگی۔