صدر آصف علی زرداری سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، جس میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جاری آپریشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے آصف علی زرداری کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے صدر کو دہشت گردی کے خلاف فوج کے جاری آپریشنز سے آگاہ کیا اور روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر روشنی ڈالی۔

جنرل عاصم منیر نے ترقیاتی اقدامات بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں فوج کے تعاون کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی خدمات ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اہم رہی ہیں۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے قومی ترقی کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔

صدر نے ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور ایسے تخریب کار عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کیا۔

صدر نے قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی طاقت کی علامت رہے گا۔ انہوں نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی عزت و تکریم کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔