پاکستان

قومی ایئر لائن کیلئے نئی بولیاں طلب کریں گے، مشیر نجکاری

  • یہ پیشرفت قومی ایئرلائن کی جانب سے 21 برس میں پہلی بار سالانہ منافع رپورٹ کرنے کے بعد سامنے آئی
شائع April 10, 2025

مشیر برائے نجکاری امور نے جمعرات کو روز بتایا ہے کہ حکومت پاکستان رواں ماہ کے اواخر میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی فروخت سے متعلق دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں یا کنسورشیم سے نیا ایکسپریشن آف انٹرسٹ جمع کرانے کی درخواست کرے گی۔ حکومتی مشیر کی جانب سے یہ بیان گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پی آئی اے کی جانب سے پہلی بار سالانہ منافع رپورٹ کرنے کے 2 روز بعد سامنے آیا ہے۔

حکومت پاکستان پی آئی اے میں 51-100 فیصد حصص فروخت کرنے کی خواہشمند ہے، پی آئی اے قرض میں ڈوبی ہوئی ایئرلائن ہے، یہ اقدام آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت فنڈز جمع کرنے اور نقد رقم سے چلنے والے سرکاری اداروں میں اصلاحات لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تاہم، اسلام آباد کی کوشش گزشتہ سال ناکام ہو گئی تھی جب اسے صرف ایک پیشکش ملی جو 300 ملین ڈالر یا اس سے زائد کی قیمت کے مقابلے میں بہت کم تھی۔

وزارت نجکاری کے مطابق پاکستان نے قومی ایئرلائن کے تقریباً تمام پرانے قرضے ختم کر دیے ہیں اور انہیں حکومتی کھاتے میں منتقل کر دیا ہے کیونکہ بولی دہندگان نے ان مسائل کو اٹھایا تھا جن کی وجہ سے پہلے کی کوشش ناکام ہوئی۔

مشیر نجکاری نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی ہماری آخری کوشش میں پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کو ٹیکس اور بیلنس شیٹ میں کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مشیر برائے نجکاری محمد علی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اب اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے، ہم اپریل 2025 کے آخری ہفتے نیا ایکسپریشن آف انٹرسٹ شائع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

حکومت رواں سال کے اختتام سے قبل ایئر لائن کی نجکاری مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پری کوالیفکیشن معیار پر بھی نظر ثانی کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تازہ ترین اکاؤنٹس اور بیلنس شیٹ میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریفرنس کی قیمت پر بھی نظر ثانی کی جاسکتی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال تمام ایس او ایز کو فروخت کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے اور یہ ایک انتہائی اہم معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ کمپنیاں، جنہیں پہلے دوسرے مرحلے میں فروخت کیا جانا تھا، اب پہلے مرحلے میں شامل کی جا رہی ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے نیو یارک کے علاقے مین ہیٹن میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کی عمارت کی فروخت کے مختلف آپشنز تلاش کرنے کے لیے جونز لینگ لاسال کو مشیر مقرر کیا ہے۔ محمد علی نے کہا کہ ان میں عمارت کو فروخت کرنا یا اعلی درجے کے ڈویلپر کے ساتھ مشترکہ منصوبے کا انتخاب کرنا شامل ہے جس میں پانچ گنا زیادہ آمدنی حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔

Comments

200 حروف