امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور ایرک میئر نے بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے اعلیٰ سطح ملاقات کے دوران کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والے ایرک میئر کی سربراہی میں امریکی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایرک میئر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے پاکستان کے معدنی شعبے کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور اس شعبے میں سرمایہ کاری میں امریکی کمپنیوں کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کے امور پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم نے فورم میں امریکہ کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعظم اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اورانہوں نے امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نہ صرف دوطرفہ تناظر میں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی پاک امریکا تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور انسداد دہشت گردی کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
منگل کے روز دو روزہ پاکستان معدنیات سرمایہ کاری فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے کا محدود قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر پاکستان اپنے کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اس سے ملک کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جیسے عالمی مالیاتی اداروں کو الوداع کہنے کا موقع مل سکتا ہے۔
Comments