پاکستان کی حکومت نے بائننس کے بانی اور ویب3 کی با اثر شخصیت چانگ پینگ ژاؤ (سی زی ) کو پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کر دیا ہے، یہ بات فنانس ڈویژن کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔

فنانس ڈویژن کا کہنا ہے کہ یہ اعلان پی سی سی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں چانگ پینگ ژاؤ بھی شریک تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر برائے مالیات و محصولات سینیٹر محمد اورنگ زیب نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں حکومت کے اہم اسٹیک ہولڈرز شامل تھے، ان میں پاکستان کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے چیئرمین، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور وفاقی سیکرٹریز برائے قانون اور آئی ٹی بھی شامل تھے۔

اپنے دورے کے دوران انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔

وزیر خزانہ اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان جدت طرازی کے لیے تیار ہے۔ سی زیڈ کے ساتھ ہم پاکستان کو ویب 3، ڈیجیٹل فنانس اور بلاک چین پر مبنی ترقی کے لیے علاقائی پاور ہاؤس بنانے کے اپنے وژن کو تیز کر رہے ہیں۔

پی سی سی کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان فنانس کے مستقبل کے لئے اپنے دروازے کھول رہا ہے اور اس سفر میں ہماری رہنمائی کرنے کے لئے سی زیڈ سے بہتر کون ہے - ایک رہنما جس نے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو ایکسچینج بنایا اور مالی آزادی کے بارے میں اربوں لوگوں کے سوچنے کے انداز کو تبدیل کیا۔

فنانس ڈویژن کے مطابق کونسل کے سرکاری اسٹریٹجک مشیر کی حیثیت سے سی زیڈ ریگولیشن، انفرااسٹرکچر، تعلیم اور اپنانے کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔ “وہ [سی زیڈ] حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ ایک ہم آہنگ، جامع اور عالمی سطح پر مسابقتی کرپٹو ایکو سسٹم تشکیل دیا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیننس کے بانی نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیت یں لامحدود ہیں اور 60 فیصد سے زائد آبادی کی عمر یں 30 سال سے کم ہیں۔

فنانس ڈویژن کے تحت قائم پاکستان کرپٹو کونسل اس ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے۔

گزشتہ ماہ حکومت نے بلال بن ثاقب کو پی سی سی کے لیے وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کیا تھا۔

تقرری کے بعد ایکس پر ایک پوسٹ میں بلال بن ثاقب نے کہا کہ ملک ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی شکل دینے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ایک ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Comments

200 حروف