بلوچستان حکومت نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل (بی این پی-ایم) کے لانگ مارچ کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عناصر صوبائی ریڈ زون کو یرغمال بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے پارٹی قیادت کی تقاریر پر حکومتی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے طابق کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور دو مواقع پر مارچ کے شرکاء کے ساتھ مذاکرات میں مصروف رہی ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر مارچ کرنے والے بضد ہیں تو حکومت کے پاس متبادل آپشنز موجود ہیں۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بی این پی ایم کو ریڈ زون پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
یاد رہے کہ صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی خلاف ورزی سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
بی این پی (ایم) نے 6 اپریل کو کوئٹہ کی طرف لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور اپنے کارکنوں کو 5 اپریل تک مستونگ میں لک پاس پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments