وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا پائیدار ترقی کے لیے برآمدات بڑھانے کا عزم
- اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آٹو سیکٹر نے گزشتہ دو ماہ میں برآمدات کا آغاز کیا ہے
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کو برآمدات اور پیداواری صلاحیت پر مبنی ترقی کی طرف لے جایا جائے گا۔
آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہر شعبے میں برآمدات ہونی چاہئیں، اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آٹو سیکٹر نے گزشتہ دو ماہ میں برآمدات کا آغاز کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ترسیلات زر کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ رواں مالی سال ترسیلات زر ریکارڈ 36 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات میں بھی 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جون کے آخر تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ رواں سال ایف بی آر کے محصولات کی وصولی میں 32.5 فیصد اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ٹیکس بیس کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تاجروں سے 413 ارب روپے وصول کیے گئے جو گزشتہ سال کے 189 ارب روپے سے زیادہ ہیں۔
محمد اورنگ زیب نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے موجودہ پروگرام کو آخری بنانے کے لئے بنیادی اصلاحات کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد ہی ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط کی منظوری دے دے گا۔
Comments