فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شرح سود میں مزید کمی کرے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی پی سی آئی کے صدر عاطف اکرم شیخ، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض اور ایف پی سی سی آئی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے اسے عوام اور صنعتکاروں کے لیے عید کا تحفہ قرار دیا۔

حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کردی ہے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے صنعتوں پر مالی بوجھ کم ہوگا اور توانائی کی بلند لاگت کے بارے میں ان کے دیرینہ خدشات دور ہوں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرم شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیرف میں کمی اور پالیسی شرح سود میں حالیہ کمی سے صنعتکاروں کو درپیش مسائل نمایاں طور پر حل ہوں گے۔ انہوں نے اس فیصلے کو آسان بنانے میں موثر کام کرنے کا سہرا وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کو دیا۔

عاطف اکرم شیخ نے امریکا کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور نئے محصولات سے پاکستان کی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے امریکی حکومت سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 70 سال سے زائد عرصے سے تجارتی اور کاروباری تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اضافی محصولات برقرار رہے تو پاکستان کو اہم معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت برآمدات کو فروغ دینے کے لئے پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور بینک مارک اپ کم ہو رہے ہیں جس سے برآمد کنندگان کو مدد مل سکتی ہے لیکن نئے امریکی محصولات سے حالات مشکل ہو جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اضافی ٹیرف رکھنا پاکستان کے لئے اچھا نہیں ہوگا۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ برآمدات کو فروغ دے کر اس پیش رفت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ہو گا۔ ایف پی سی سی آئی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں چوری کی وجہ سے 600 ارب روپے کے نقصانات کے بارے میں وزیر اعظم کے بیان پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی متوقع نجکاری سے ان نقصانات پر قابو پانے کی توقع ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف