وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید کے موقع پر ریلوے آفیسرز کالونی والٹن میں شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور قوم کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے بتائی ہے۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے شہید کی والدہ، اہلیہ، نوجوان بیٹی، چچا اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا اور قوم کے لیے کیپٹن قریشی کی عظیم قربانی کا اعتراف کیا۔
شہید کی والدہ نے اشک بار ہوکر اپنے بیٹے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خیالات علی سے شروع اور ان پر ہی ختم ہوتے تھے۔ دریں اثنا شہید کیپٹن کی نوجوان بیٹی ایانا نے اپنے والد کی تصویر کو بوسہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہ تمغہ بھی اپنے گلے میں پہن رکھا تھا جو ان کے والد کو دیا گیا تھا۔
محسن نقوی نے غمزدہ ماں کو تسلی دی اور اہل خانہ کو یقین دلایا کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کیپٹن محمد علی قریشی کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیپٹن علی قومی ہیرو ہیں اور ان کے خاندان کا ہمیشہ خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیپٹن محمد علی قریشی کی جواں مردی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی بے مثال قربانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن علی کی قربانی دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور پوری قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
کیپٹن محمد علی قریشی 26 اگست 2024 کو بلوچستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ محسن نقوی نے شہید کے بلند درجات کیلئے دعا کی اور عہد کیا کہ حکومت ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی۔
Comments