پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اسٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ معیشت مزید چھ ماہ تک چلتی رہے گی۔

تاہم، اس وقتی میکرو اکنامک استحکام کے پیچھے صرف اقتصادی جمود ہے، کیونکہ حکومت وہی پرانے اور غلط پالیسی فیصلے جاری رکھے ہوئے ہے جو کئی دہائیوں سے ایک ناکارہ نظام کو سہارا دیے ہوئے ہیں، اور حقیقی اصلاحات کہیں نظر نہیں آ رہیں۔

نعرے یقیناً مزید ترقی پسند ہو گئے ہیں، لیکن نیت یہی ہے کہ ہر قیمت پر اس اسٹیٹس کو کو برقرار رکھا جائے، چاہے اس کا نقصان پیداواری شعبوں اور عوام کو ہی کیوں نہ ہو جو درحقیقت معیشت کی بنیاد ہیں۔

اس کا سب سے بڑا ثبوت توانائی کی پالیسی میں نظر آتا ہے۔

گزشتہ کئی مہینوں کے دوران، بند دروازوں کے پیچھے وعدے کیے گئے اور اعلیٰ سطح پر عوامی بیانات دیے گئے کہ اپریل 2025 تک صنعتی بجلی کی قیمت 9 سینٹس فی کلوواٹ آور تک لائی جائے گی۔ تاہم، اپریل آ چکا ہے، اور یہ صورتحال کسی اور سمت جاتی دکھائی دے رہی ہے۔

جنوری 2024 میں صنعتی بجلی کے نرخ 17 سینٹس فی کلوواٹ آور سے کم ہو کر اب تقریباً 12 سینٹس فی کلوواٹ آور تک آ چکے ہیں، جو زیادہ تر منفی فیول لاگت اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی وجہ سے ممکن ہوا۔

لیکن صورتحال ایک بار پھر خطرے میں ہے کیونکہ فروری 2025 میں بجلی کی کھپت متوقع سطح سے نیچے گر گئی، جس کی وجہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) پر دباؤ بڑھ گیا۔ اگر مارچ کے اعداد و شمار بھی یہی رجحان دکھاتے ہیں، تو ہمیں ٹیرف میں دوبارہ اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کچھ حلقوں میں یہ امید بھی تھی کہ گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ حد تک اضافہ کر کے صنعتی کیپٹیو لوڈ کو گرڈ پر منتقل کیا جا سکے گا، تاکہ کیو ٹی اے کے ذریعے ٹیرف میں واضح کمی کی جا سکے۔

کیپٹیو پاور کے لیے گیس کی قیمت کو بڑھا کر 3,500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیا گیا، اور ساتھ ہی ”گرڈ ٹرانزیشن لیوی“ کے نام پر 791 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافی چارج بھی لگا دیا گیا، تاکہ گیس سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت کو گرڈ بجلی کے نرخوں سے بھی زیادہ کر دیا جائے۔

یہ لیوی بذاتِ خود بنیادی طور پر ناقص اور جان بوجھ کر غلط حساب کتاب پر مبنی ہے۔ 3,500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے نرخ پر، کیپٹیو بجلی پیدا کرنے کی لاگت 14 سے 18 سینٹس فی کلوواٹ آور تک پہنچتی ہے، جو کہ گرڈ بجلی کے تقریباً 12 سینٹس فی کلوواٹ آور سے زیادہ مہنگی ہے۔

اس حساب میں سنگین غلطیاں موجود ہیں، جیسے کہ بی-3 پیک ریٹ کو شامل کرنا، جو صرف 24 میں سے 4 گھنٹوں کے لیے لاگو ہوتا ہے، جبکہ اوسط وزن شدہ (ویٹ ایوریج) نرخ کا حساب ہی نہیں لگایا گیا۔ یہ اور دیگر حقائق کی دانستہ غلط بیانی اس لیوی کو مصنوعی طور پر بڑھانے اور صنعتی صارفین کو زبردستی گرڈ پر منتقل کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

تاہم، صنعتوں کو گرڈ پر منتقل ہونے میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان کے گرڈ بجلی کے نرخ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں، جو 5 سے 9 سینٹس فی کلوواٹ آور کے درمیان ہوتے ہیں۔ ایسے بلند توانائی اخراجات کے ساتھ پاکستانی صنعتیں بین الاقوامی سطح پر مسابقت نہیں کر سکتیں۔

مزید برآں، کراچی جیسے شہری مراکز میں ان صنعتوں کو گرڈ سے جوڑنے کے لیے درکار انفراسٹرکچر کی تنصیب کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں ہے۔ اسی طرح، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) جیسے علاقوں میں گرڈ انفراسٹرکچر بوسیدہ ہے اور اضافی صنعتی لوڈ کو سنبھالنے کے قابل نہیں۔

اس کے علاوہ، کوجنریشن کیپٹیو پلانٹس — جو ایک ہی گیس مالیکیول کو بجلی اور صنعتی عمل میں درکار بھاپ اور گرم پانی کی پیداوار کے لیے استعمال کرتے ہیں — گرڈ کے مقابلے میں کہیں زیادہ مؤثر اور پیداواری ہیں۔

پھر بھی، حکومت چاہتی ہے کہ صنعتیں ان پلانٹس کو ترک کر دیں، حالانکہ کابینہ کی توانائی کمیٹی (سی سی او ایس) نے 2021 میں فیصلہ دیا تھا کہ سنگل سائیکل کیپٹیو پاور کو مرحلہ وار ختم کیا جائے، لیکن کوجنریشن کو جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

128 ارب روپے کی سرمایہ کاری جو صنعتوں نے اپ گریڈیشن اور کوجنریشن پلانٹس پر کی، ضائع ہو جائے گی، جبکہ انہیں نئے گیس بوائلرز اور چِلرز پر سرمایہ لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جو کہ کارکردگی میں نمایاں طور پر کم مؤثر ہیں۔

یہ کسی بھی معاشی منطق کے خلاف ہے کہ بھاپ اور گرم پانی پیدا کرنے کے لیے کم افادیت والے سسٹمز کو 2,200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر گیس فراہم کی جائے، جبکہ وہ جدید کمپریسڈ سائیکل ہیٹ اینڈ پاور پلانٹس جو مکمل آر ایل این جی قیمت (3,550 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو) ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور 90 فیصد تک کی افادیت پر کام کرتے ہیں، انہیں بند کیا جا رہا ہے۔

کوجنریشن کو دنیا بھر میں صنعتی توانائی کی افادیت کے ”گولڈ اسٹینڈرڈ“ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ اسے امریکہ، یورپی یونین اور انڈونیشیا جیسے ابھرتے ہوئے معیشتوں میں فعال طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔

مزید برآں، یورپی یونین کے کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم (سی بی اے ایم) اور وسیع تر نیٹ زیرو اہداف سمیت عالمی موسمیاتی وعدوں کی تعمیل میں کوجنریشن اہم کردار ادا کرتا ہے۔

روایتی گرڈ بجلی، جو زیادہ تر آلودگی پیدا کرنے والے تھرمل ذرائع پر انحصار کرتی ہے، کے مقابلے میں، گیس سے چلنے والی کوجنریشن صنعتوں کو نہ صرف اپنی کاربن فُٹ پرنٹ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ سستی توانائی کی فراہمی بھی یقینی بناتی ہے۔

تاہم، جب دنیا بھر کی صنعتیں کوجنریشن کے فوائد سے استفادہ کر رہی ہیں، پاکستان اسے ختم کرنے میں سرگرم ہے۔

کیپٹیو پاور کا یہ سارا معاملہ توانائی کے شعبے اور معیشت میں وسیع تر طرزِ حکمرانی اور شفافیت کی ناکامیوں کی ایک مثال ہے۔ پالیسی میں استحکام اور اصلاحات کے مسلسل دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن عملی طور پر نہ تو کسی طے شدہ اصول کی پرواہ کی جاتی ہے، نہ مؤثر معاشی تقسیم کو مدنظر رکھا جاتا ہے، اور نہ ہی بنیادی حقائق، جیسے کہ بی-3 صنعتی بجلی کا اصل ٹیرف، تسلیم کیے جاتے ہیں۔

2021 کی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا فیصلہ، جو واضح طور پر کوجنریشن کی اجازت دیتا ہے، بار بار غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے تاکہ تمام کیپٹیو پاور کو یکسر ختم کرنے کو جواز فراہم کیا جا سکے۔ کوئی بھی وہ پالیسی پڑھنے کو تیار نہیں جس کا وہ حوالہ دیتے ہیں:

“اگر کوئی کیپٹیو پاور پلانٹ کوجنریشن یونٹ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، تو اسے یکم فروری2021 تک اس کا اعلان کرنا ہوگا۔

این ای ای سی اے تمام ایسے کیپٹیو پاور یونٹس (ایکسپورٹ/نان-ایکسپورٹ) کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کروائے گی جو کوجنریشن کی سہولت ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، تاکہ گیس کی مسلسل فراہمی کے لیے غیرضروری استعداد کی تلاش کو روکا جا سکے۔ اگر آڈٹ کوجنریشن کی سہولت کی تصدیق کرتا ہے، تو گیس کی فراہمی جاری رہے گی، بصورت دیگر اسے منقطع کر دیا جائے گا۔ پاور ڈویژن ایک ہفتے کے اندر تھرڈ پارٹی آڈٹ کا تفصیلی اور شفاف طریقہ کار حتمی شکل دے گا۔“

ایک عام جوابی دلیل یہ دی جاتی ہے کہ خود صنعت نے آڈٹس پر حکم امتناعی حاصل کرکے اس عمل کو روک دیا۔ یہ بیانیہ گمراہ کن اور یک طرفہ ہے۔

پہلی بات، حکم امتناعی کچھ مخصوص فریقین نے قانونی طور پر دستیاب چینلز کے ذریعے حاصل کیا تھا — یہ عدم تعمیل یا آڈٹ کرانے سے انکار کا معاملہ نہیں تھا۔

دوسری اور سب سے اہم بات، صنعت کے ایک بڑے حصے نے حکومتی پالیسی کے مطابق کوجنریشن سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔ ان میں سے کئی کمپنیوں نے باضابطہ طور پر بارہا این ای ای سی اے سے آڈٹ کی درخواست کی تاکہ ان کی مطابقت اور کارکردگی کی تصدیق کی جا سکے، لیکن کوئی آڈٹ نہیں کرایا گیا۔

یہ غلط بیانی اسی طرح کی ہے جیسے کہ ”گرڈ ٹرانزیشن لیوی“ کا جان بوجھ کر اور واضح طور پر غلط حساب لگایا گیا ہے، جسے صرف پہلے سے طے شدہ پالیسی کے جواز کے لیے من گھڑت مفروضوں پر تعمیر کیا گیا ہے۔

یہ پورا معاملہ ایک ایسے نظام کی عکاسی کرتا ہے جہاں قوانین کو مروڑا جاتا ہے، حقائق کو نظر انداز کیا جاتا ہے، اور پالیسی کو ایک ایسا عمل بنا دیا گیا ہے جہاں پہلے نتیجہ طے کر لیا جاتا ہے اور پھر اس کے مطابق جواز گھڑا جاتا ہے۔

یہ بیرونی دنیا کو بھی ایک واضح پیغام دیتا ہے: پاکستان میں پالیسی غیرمستحکم، غیر متوقع اور کسی بھی منطق، حقیقت یا قانونی اصول سے کٹی ہوئی ہے۔ ایسی طرز حکمرانی کے ہوتے ہوئے، یہ کوئی راز نہیں کہ سنجیدہ سرمایہ کاری کیوں مسلسل ملک کو نظرانداز کر رہی ہے۔

بہرحال، حقیقت یہ ہے کہ کیپٹیو لوڈ کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ گرڈ پر منتقل ہو رہا ہے۔ زیادہ تر صنعتیں دوسرے متبادل اپنا رہی ہیں — فرنس آئل یا کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس، جو شمسی توانائی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور زیادہ سستے اور قابل اعتماد ہیں۔ اور حکومت اسے بھی ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

چنانچہ، ہر طرف سے صنعت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گرڈ کے نرخ بہت زیادہ ہیں اور انفراسٹرکچر ناکافی ہے۔ کیپٹیو پاور کو حد سے زیادہ ریگولیٹ اور غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ قابل تجدید توانائی کے راستے کو بھی روکا جا رہا ہے۔ کوئی قابل عمل راستہ فراہم نہیں کیا جا رہا — صرف بند گلیوں کا ایک سلسلہ ہے۔

دوسری طرف، جب صنعت گھٹن کا شکار ہے، ہاؤسنگ سوسائٹیز اپنے نجی تقسیم کار کمپنیوں کے قیام کے لیے راہ ہموار کر رہی ہیں۔ کئی سالوں سے، صنعت بی ٹو بی پاور معاہدوں کا مطالبہ کر رہی ہے، جس میں بین الاقوامی معیار کے مطابق 1-1.5 سینٹس فی کلوواٹ آور کا وہیلنگ چارج رکھا جائے۔

لیکن سی پی پی اے-جی نے ان کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے، اور 27 روپے فی کلوواٹ آور (~9.7 سینٹس) کا وہیلنگ چارج نافذ کرنے پر بضد ہے، جس میں گرڈ کی بھاری لاگت اور سبسڈیز شامل ہیں، اور جو کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں بجلی کی مکمل لاگت سے بھی زیادہ ہے۔

پیغام بالکل واضح ہے: ناکارہ، تباہ حال گرڈ کی حفاظت کرو، چاہے اس کے لیے باقی سب کچھ قربان کرنا پڑے۔

گیس کے شعبے کی ”آزاد کاری“ بھی اسی کھلی کرپشن اور مفاد پرستی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ کونسل آف کامن انٹرسٹس (سی سی آئی) نے نئی ملکی گیس دریافتوں کے 35 فیصد حصے کو تیسرے فریق کی رسائی کے لیے منظور کیا۔ لیکن یہ گیس فیلڈز چپکے سے بغیر کسی مسابقتی بولی کے مخصوص بااثر افراد کو دے دی جاتی ہیں، جبکہ بہتر شرائط پیش کرنے والے کئی دوسرے دلچسپی رکھنے والے فریقوں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔

اسی دوران، کیپٹیو ڈیمانڈ میں کمی کی وجہ سے آر ایل این جی کا ایک بڑا اضافی ذخیرہ نظام میں موجود ہے۔ اصل مسئلے کو حل کرنے کے بجائے، اس کا حل یہ نکالا گیا ہے کہ سستی ملکی گیس کی پیداوار کو محدود کر دیا جائے تاکہ آر ایل این جی کو کھپایا جا سکے اور پائپ لائن میں زیادہ دباؤ سے بچا جا سکے۔

نتیجتاً، آر ایل این جی کو اب گھریلو صارفین کو بھاری سبسڈی پر فراہم کیا جا رہا ہے — یہ سبسڈیز ایک مسلسل بڑھتے ہوئے گیس سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کے ذریعے فنانس کی جا رہی ہیں۔

دریں اثنا، قطری آر ایل این جی کارگوز کا ایک حصہ یورپ اور دیگر مارکیٹوں میں بھاری رعایت پر فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے حکومت کو زبردست مالی نقصان ہو رہا ہے۔ یہ سب اس وقت ہو رہا ہے جب ملکی صنعت، جو اسی آر ایل این جی کے لیے مکمل قیمت ادا کرنے کو تیار ہے، کو اس تک رسائی نہیں دی جا رہی۔

یہ مضحکہ خیزی ناقابل بیان ہے۔

اب ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی صرف توانائی کے شعبے اور ٹیرف ڈھانچے میں بڑی اصلاحات کے ذریعے ممکن ہو سکتی ہے، جیسے کہ صنعتی بجلی کے نرخوں پر لگائے گئے 100 ارب روپے کے کراس سبسڈی کو ہٹانا۔

افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ حکومت ایک اور ”اضافہ شدہ کھپت اسکیم“ پر کام کر رہی ہے۔

ایک تباہ کن ”ونٹر پیکج“ کے بعد، امید ہے کہ اس بار کوئی سبق سیکھا گیا ہوگا۔ اگر کوئی نئی اسکیم متعارف کرائی جاتی ہے، تو اسے صرف مارجنل لاگت کی بنیاد پر ہونا چاہیے، پچھلے سال کی کھپت کو ایک سادہ اور واضح معیار کے طور پر اپنانا چاہیے، اور بچت پر ایک معقول حد مقرر کرنی چاہیے۔ورنہ، یہ اسکیم بھی بری طرح ناکام ہو جائے گی۔

زیادہ وسیع تناظر میں، توانائی کے نظام میں ایک بہت زیادہ بنیادی اور انقلابی اصلاح کی ضرورت ہے تاکہ اس گہرے بگاڑ کو درست کیا جا سکے جو مسلسل مسابقت اور معیشت میں اعتماد کو ختم کر رہا ہے۔ حکومت کے تمام محکموں اور عہدیداروں کو اس حقیقت کا ادراک ہے اور وہ اسے تسلیم بھی کرتے ہیں۔

اس کے باوجود، کچھ بھی نہیں کیا جاتا۔ ہر تجویز یا تو کسی ذیلی کمیٹی میں دم توڑ دیتی ہے یا پھر ”غور و خوض“ کے انبار تلے دفن کر دی جاتی ہے۔ فیصلہ ساز صرف فوٹو سیشن کرانے اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

باقی دنیا آگے بڑھ رہی ہے۔ تقسیم شدہ پیداوار، قابل تجدید توانائی، اور صنعت کی ضروریات کے مطابق لچکدار توانائی کے ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

اس کے برعکس، پاکستان کے پالیسی ساز اب بھی ایک ایسے گرڈ سے چمٹے ہوئے ہیں جو نااہل اور مالی طور پر ناقابلِ برداشت ہے۔ اور اب وہ اس حد تک جا چکے ہیں کہ نظام کے جو چند حصے درست طریقے سے کام کر رہے ہیں، انہیں بھی تباہ کر رہے ہیں۔

کیپٹیو صارفین کو یہ اجازت دی جانی چاہیے کہ وہ صرف آر ایل این جی کی قیمت پر گیس خرید سکیں، جو کہ سبسڈی سے آزاد ہو، غیر ضروری نیٹ ورک نقصانات اور من مانی سرچارجز سے پاک ہو۔

مکمل آر ایل این جی قیمتوں پر، سنگل سائیکل کیپٹیو پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی پہلے ہی گرڈ سے زیادہ مہنگی ہے، اور مارکیٹ انہیں خود بخود ختم کر دے گی۔ صرف وہی کوجنریشن سسٹمز باقی رہیں گے جو معاشی اور تکنیکی دونوں بنیادوں پر جائز ہوں اور ایسا ہی ہونا چاہیے۔

اسی کے ساتھ، صنعت کو تھرڈ پارٹی ایکسس فریم ورک کے تحت ملکی گیس کے 35 فیصد حصے تک رسائی دی جانی چاہیے۔ اس کا مختص کرنا مکمل طور پر شفاف اور مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے ہونا چاہیے، جس کی بنیاد مارکیٹ ویلیو ہو، نہ کہ سیاسی اثرو رسوخ کے ذریعے۔

اسی طرح، براہ راست ایل این جی درآمدات کو بغیر کسی رکاوٹ کے اجازت دی جانی چاہیے۔ اس کے لیے تمام ضروری قانونی فریم ورک، ٹرمینل انفراسٹرکچر، اور پائپ لائن کی گنجائش پہلے سے موجود ہے— واحد رکاوٹ بیوروکریسی کی مزاحمت اور پالیسی جمود ہے۔

یہ تمام پالیسیاں سادہ اور مارکیٹ پر مبنی ہیں۔ ان کے لیے کسی سبسڈی یا کسی خاص رعایت کی ضرورت نہیں، بس مصنوعی بگاڑ کو ختم کرنا ہوگا۔

حقیقی معاشی ترقی تبھی ممکن ہو گی جب توانائی کا نظام معاون اور سازگار ہوگا۔ موجودہ طریقہ کار پاکستان کے صنعتی اور برآمدی اہداف سے بنیادی طور پر متصادم ہے۔ لہٰذا، حکومت کے لیے یہ نہایت ضروری ہے کہ وہ اپنی حکمتِ عملی پر نظرثانی کرے اور یہ یقینی بنائے کہ توانائی کی تقسیم اور قیمتوں کا تعین کارکردگی، مسابقت، اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہو۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف