کراچی : کورنگی میں لگنے والی پراسرار آگ تاحال نہ بجھائی جاسکی
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں 3 روز قبل لگنے والی پراسرار آگ تاحال نہیں بجھائی جاسکی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہیں ۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جب تک زیر زمین گیس کے اخراج کو مکمل طور پر روکا نہ جائے، آگ کو بجھانے کی کوشش نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ آگ ہفتہ کی صبح کورنگی میں ایک تیل ریفائنری کے قریب اس وقت بھڑک اٹھی جب ایک مقامی کمپنی ٹیوب ویل کے لیے کھدائی کررہی تھی۔
کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے جب کہ کھدائی کے مقام کے قریب کام کرنے والے اور دیگر افراد محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے ہیں۔
دریں اثنا گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے رابطہ کیا اور آگ پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے آگ پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کرنے اور ضرورت کے مطابق ہیلی کاپٹر کی فوری فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ماہرین زیر زمین گیس کے ذخائر کے پیمانے کا تعین کرنے کے لیے پانی اور گیس کے نمونے جمع کررہے ہیں۔
Comments