صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عید کی مبارکباد
- عید کا دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کیلئے زکٰوۃ،صدقات، فطرانہ بڑھ چڑھ کرادا کریں، پیغام
ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، کراچی، اسلام آباد، لاہور, پشاور، فیصل آباد، حیدرآباد، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، ان اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے۔
اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت پاکستانی کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری کے لیے قبرستانوں کو رخ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔
صدر مملکت نے عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کیلئے زکٰوۃ،صدقات، فطرانہ بڑھ چڑھ کرادا کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عید الفطر رمضان المبارک کی برکتوں کے بعد اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، جو ہمیں روزے کی مشقت کے بعد عطا ہوا۔ یہ مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت اور قرب الہی حاصل کرنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے اس پرمسرت موقع پر اپنے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال قوم کے طور پر ابھرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے اس پرمسرت موقع پر ان بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے جو معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے میں ہے۔
صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے آزادی کی دعا کی اور خواہش ظاہر کی کہ وہ بھی عید امن و سکون کے ساتھ منائیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کئے گئے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عید کا دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، بھائی چارہ اور ہمدردی کا سبق دیتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہمیں تقویٰ، صبر اور قربانی کی تربیت ملی، جسے ہمیں اپنی زندگیوں میں جاری رکھنا چاہیے اور اسلامی اصولوں پر کاربند رہنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات کا سامنا کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہرقسم کی انتہاپسندی،نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔
ہمیں ملک کی یکجہتی اور استحکام کے لیے متحد رہنے کی ضرورت ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مستحکم کریں، موجودہ حکومت ملک کی معیشت کی بحالی، معاشرتی استحکام اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ ہمیں ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی ہوںگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور پاک فوج کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں تاکہ ملک میں امن و امان کی بحالی ممکن ہو سکے۔
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ جعفر ایکسپریس کے سانحے میں شہید ہونے والوں کی درجات بلند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط کشمیر اور فلسطین میں مظالم کا شکار ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام اور فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ ان کی حمایت کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور ان کے حقیقی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر کی خوشیاں اپنے کمزور اور مستحق بھائیوں، بہنوں، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ بانٹیں اور فلاحی معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
Comments