بلوچستان میں حکام نے مسافر بسوں پر حالیہ پرتشدد حملوں کے بعد متعدد قومی شاہراہوں پر رات کے وقت سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنرز کچھی، موسیٰ خیل، ژوب، گوادر اور نوشکی کی جانب سے جاری سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، قومی شاہراہوں پر شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

پابندی سبی ہائی وے، ژوب-ڈیرہ اسماعیل خان ہائی وے، کوسٹل ہائی وے، کوئٹہ-تفتان ہائی وے اور لورالائی-ڈیرہ غازی خان ہائی وے پر لاگو ہوگی۔

یہ فیصلہ صوبے میں عوامی ٹرانسپورٹ پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

حال ہی میں گوادر میں 6 مسافروں کو زبردستی بس سے اتار کر قتل کر دیا گیا، جس سے سنگین سیکیورٹی خدشات جنم لے رہے ہیں۔

قبل ازیں، حکام نے کوئٹہ سے روانہ ہونے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے رات کے وقت نقل و حرکت پر پابندی عائد کی تھی، تاہم اب یہ پابندیاں متعدد اضلاع تک بڑھا دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ سفری پابندی مسافروں کو ممکنہ حملوں سے بچانے کے لیے لگائی گئی ہے کیونکہ عسکریت پسند بارہا دور دراز شاہراہوں پر مسافروں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔

Comments

200 حروف