معاشی استحکام کی جانب بڑا قدم، وزیر اعظم آفس کی ہدایات پر عملدرآمد تیز
- وزارتوں کو کاروباری برادری کی تجاویز پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت
وزیر اعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے وزارتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حالیہ ملاقاتوں میں وزیراعظم شہبازشریف کو ملک کی کاروباری برادری کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر ضروری اقدامات کریں۔
ایک اجلاس میں وزیر اعظم نے وسیع البنیاد اقتصادی بحالی میں حکومت کی پیش رفت پر روشنی ڈالی جو میکرو اکنامک اشاریوں سے ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ استحکام کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے قوم کے لیے پائیدار ترقی اور خوشحالی کی قیادت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو ماضی کی طرح عروج و زوال کے دائرے میں نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اقتصادی اصلاحات کے سفر میں مشاورتی عمل کو بہت غیر معمولی دیتے ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں فنڈ اہداف کم کرنا چاہتا تھا، لیکن انہوں نے بہتر نفاذ اور مؤثر عملدرآمد کے ذریعے انہیں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کاروباری برادری کو سرمایہ کاری اور ترقی کی ترغیب دی اور ایک مستحکم کاروباری ماحول اور خوشحال قوم کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق، آئی ایم ایف نے سالانہ ہدف کو 12.97 کھرب روپے سے کم کرکے 12.33 کھرب روپے کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس سے 640 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ نظرثانی معیشت کی توقع سے کم رفتار اور مہنگائی کے اثرات کے باعث کی گئی تاہم ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کا ہدف 10.6 فیصد برقرار رکھا گیا ہے۔
میاں ابوذر شاد نے معاشی بحالی پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ انہوں نے شرح سود میں کمی، ٹیکنالوجی کے ذریعے انڈر انوائسنگ کی روک تھام، چین کے ساتھ لائیو تجارتی ڈیٹا کا تبادلہ، پاکستانی کاروباری برادری کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزا مسائل کا حل، ٹیکس کی شرح میں کمی، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایمنسٹی اسکیم، ایف بی آر افسران کی جانب سے ہراسانی کے خاتمے اور لاہور ڈرائی پورٹ پر رکے ہوئے کنٹینرز کی کلیئرنس پر زور دیا۔
خالد عثمان نے وزیر اعظم سے کسٹمز ویلیوایشن میں تاخیر کے مسئلے کے حل، کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ و معاونت، زرعی مشینری اور آلات کی مشترکہ دستیابی اور متوسط سے چھوٹے کسانوں کے لیے معیاری بیجوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
رحمان وسیم نے ملک کے لیے مشکل سے حاصل کی گئی معاشی استحکام پر وزیراعظم کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے اور خاص طور پر حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس اضافے کا 85 فیصد حصہ ویلیو ایڈڈ سیکٹر سے منسلک ہے۔
تاہم، انہوں نے انتہائی کم منافع کی وجہ سے درپیش مشکلات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے بلند توانائی قیمتوں، کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی پر عائد قدرتی گیس لیوی (جسے اب اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کردیا ہے) اور نئی برآمدی صنعت کے لیے مالیاتی مشکلات کو اہم چیلنجز کے طور پر گنوایا۔
خواجہ شہزیب اکرم نے فارماسیوٹیکل انڈسٹریل زون کے قیام، کاسمیٹکس اور نیوٹراسیوٹیکل انڈسٹری پر مؤثر ریگولیٹری کنٹرول اور مقامی صنعت کو ایف ڈی اے منظوری کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔
شاہد نے وزیراعظم کی توجہ بلند ٹرانسپورٹیشن اخراجات اور ہنر مند افرادی قوت کی کمی کی طرف مبذول کرائی۔ پاکستان بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) احسان ملک نے منصفانہ ٹیکس نظام اور کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔
کامران ارشد نے ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم (ای ایف ایف)، کپاس کی بحالی، کرنسی کنٹرول اور طویل مدتی ٹیکسٹائل پالیسی کے اجراء کی سفارش کی۔
اعظم فاروق نے طورخم اور کھرلاچی میں سرحدی مسائل کے حل، پالیسیوں کے تسلسل، ٹیکس بیس کو وسیع کرنے اور کارگو مقاصد کے لئے ریلوے کے ساتھ کے پی کے بہتر رابطے کا مطالبہ کیا۔
کمال امجد نے وزیر اعظم سے اشیا پر عائد ”صوبائی انفرااسٹرکچر سیس“ اور وفاقی ودہولڈنگ انکم ٹیکس کے خاتمے میں سہولت فراہم کرنے اور بین الاقوامی لیب و ٹیسٹنگ سہولیات کی دستیابی میں آسانی پیدا کرنے کی درخواست کی۔
کاروباری برادری کی تجاویز پر وزیر اعظم نے متعلقہ وزراء اور سیکریٹریز کو جواب دینے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکاء کو یقین دلایا کہ خلیجی ممالک کے ویزا مسائل حکومت کی نظر میں ہیں اور ان کے جلد از جلد حل کے لیے کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر خان نے بتایا کہ زرعی اصلاحات کا منصوبہ تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کا ہدف کپاس کی پیداوار کو دگنا کرکے تقریباً 10 ملین گانٹھوں تک پہنچانا ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اجلاس کو بتایا کہ تاجر برادری کی یہ تمام سفارشات وزارت کے پاس موجود ہیں جن کا آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے لئے مکمل جائزہ لیا جارہا ہے۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری نے بتایا کہ قومی گرڈ سے بجلی 7.6 امریکی سینٹ فی کلو واٹ آور کے نرخ پر دستیاب ہے۔ انہوں نے صنعتوں پر زور دیا کہ وہ متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹ آپریٹرز کو بھیجے گئے سروس لیول ایگریمنٹس کا بروقت جواب دیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت ”وِیلنگ آف پاور“ نرخوں کے تعین کے آخری مراحل میں ہے، جس میں پھنسے ہوئے اخراجات شامل نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وِیلنگ نرخ تقریباً 12 روپے فی کلو واٹ آور مقرر کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مسائل کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے زور دیا کہ سرمائے کے انخلا کو روکنے کے لیے سخت کرنسی کنٹرول کے بجائے اس کے بنیادی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ”ون ونڈو“ نظام کے قیام اور صنعتوں کے لیے طویل المدتی مالی معاونت کی فراہمی پر کام کررہے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بتایا کہ انہوں نے لاہور کسٹمز کو ہدایت جاری کردی ہے کہ لاہور ڈرائی پورٹ پر موجود 684 رکے ہوئے کنٹینرز کو کلیئر کیا جائے جس کے لیے عملہ دہری شفٹ میں اور حتیٰ کہ اختتام ہفتہ پر بھی کام کرے گا۔
وزیراعظم نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں کے لیے تفصیلی روڈ میپس کی تیاری ان کی نگرانی میں جاری ہے اور وہ یقینی بنائیں گے کہ یہ سفارشات اور تجاویز عملی سطح تک پہنچیں۔
انہوں نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت دی کہ وہ نجی شعبے کے حقیقی مسائل کو اپنے دائرہ کار میں حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ان سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیں گے، جو مختلف مشاورتوں کے نتیجے میں سامنے آئی ہیں، اور ان کے نفاذ سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments