پاکستان

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عیدالفطر منائی جائے گی

  • چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ فیصلہ ملک کے مختلف حصوں سے ملنے والی شہادتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے
شائع March 30, 2025

پاکستان میں اتوار کو شوال المکرم کا چاند دیکھا گیا اورکل بروز پیر عید الفطر منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کے بعد اس پیش رفت کا اعلان کیا۔

اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اسلام آباد، لاہور، بہاولپور اور شیخوپورہ سمیت ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) سمیت مختلف اداروں کے اراکین نے شرکت کی۔

گزشتہ ماہ سپارکو نے سائنسی جائزوں، فلکیاتی حسابات اور جدید مشاہداتی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے رمضان اور شوال کے چاند کے بارے میں پیش گوئیاں کی تھیں۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات آج عید منائی جارہی ہے

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت متعدد ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔

سعودی شاہی عدالت کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ہفتے کو رمضان کا آخری دن تھا اور آج مملکت بھر میں عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا ہے اور آج عید منا رہا ہے۔

کویت، قطر اور ایران سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک نے بھی چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے اور وہ آج عید الفطر منا رہے ہیں۔

قبل ازیں فلکیاتی ماڈلز کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور31 مارچ بروز پیرکو عید الفطر ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

Comments

200 حروف