شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کا آج (اتوار 30 مارچ 2025ء بروز اتوار 29 رمضان 1446ہجری) اجلاس ہوگا جس میں رمضان المبارک کے اختتام کا تعین کیا جائے گا۔
مرکزی اجلاس آج شام 6 بجے اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک کی چھت پر ہوگا۔
کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں ملک بھر سے مذہبی اسکالرز، ماہرین موسمیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز چاند دیکھنے کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے تاکہ پاکستان میں عید الفطر کی تقریبات کی سرکاری تاریخ کو حتمی شکل دی جاسکے۔
گزشتہ ماہ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے سائنسی جائزوں، فلکیاتی حسابات اور جدید مشاہداتی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے رمضان اور شوال کے چاند کے بارے میں پیش گوئی کی تھی۔
فلکیاتی ماڈلز کے مطابق شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں یکم شوال یعنی عید الفطر 31 مارچ 2025 کو ہونے کا امکان ہے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات آج عید منائی جا رہی ہے
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت متعدد ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔
سعودی شاہی عدالت کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ہفتے کو رمضان کا آخری دن ہے اور آج (اتوار کو) مملکت بھر میں عید الفطر منائی جا رہی ہے۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا ہے اور آج عید منائی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں کویت، قطر اور ایران سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک نے بھی چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے اور وہ آج عید الفطر منا رہے ہیں۔
Comments