سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے اتوار کو جاری ایک اعلامیے میں عید الفطر 2025 کے دنوں میں مسلسل اوربغیر کسی وقفے کے گیس کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

ایس ایس جی سی کی انتظامیہ عید الفطر کی خوشیوں کے دوران اپنے صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لیے گیس کمپنی چاند رات سے عید کے تیسرے دن آدھی رات تک گیس کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی جاری رکھے گی۔

اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال یکم شوال یعنی عید الفطر پیر 31 مارچ 2025 کو ہونے کا امکان ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر صارفین کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوری طور پر ہماری 24/7 آپریشنل ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کریں۔ ایس ایس جی سی نے کہا کہ ہماری ٹیم ان کی مدد کے لئے دستیاب ہوگی۔

Comments

200 حروف