وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں کپاس کی جلد کاشت کیلئے ڈھائی ارب روپے کے مراعاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو نے صوبے میں کپاس کی جلد کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس پیکج کے تحت 5 ایکڑ یا اس سے زائد اراضی پر کپاس کی جلد کاشت کے لیے 25 ہزار روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ مالی امداد صرف کسان کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کپاس کی جلد کاشت کا ہدف 10 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع کو موثر طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔ اب تک سات لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کی ابتدائی کاشت مکمل ہو چکی ہے۔ کپاس کی جلد کاشت کا ہدف مقررہ وقت میں حاصل کرلیا جائے گا۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ کپاس کی جلد کاشت کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔ اس خصوصی مہم کے نتیجے میں کپاس کی ابتدائی کاشت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

سیکرٹری نے ہدف کے حصول میں فیلڈ فارمیشنز کی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرل زراعت نوید عصمت کاہلون اور چوہدری عبدالحمید، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد انجم علی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف