قطری سرمایہ کاروں کا ایک وفد عید کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری پر بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قطر کا ایک وفد عید کے فورا بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

گزشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے بتایا تھا کہ قطر نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

اسی دوران وزیراعظم نے گزشتہ اکتوبر میں دوحہ کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے امیر قطر اور شیخہ المیاسہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی موجودگی میں ثقافتی نمائش کا آغاز کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں بھی اسی طرح کی نمائش کے انعقاد کا خیال پیش کیا، جسے قطر کی جابب سے قبول کیا گیا۔

مزید برآں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعظم نے امن کی کوششوں بالخصوص غزہ میں قطر کے سفارتی کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز نے امیر قطر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے دعوت دوبارہ پیش کی۔

Comments

200 حروف