وفاقی اور صوبائی قیادت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے بڑھتے عفریت سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا جس میں مضبوط قومی بیانیہ تشکیل دینے، میڈیا حکمت عملی کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے لیے تعلیمی پروگراموں کے نفاذ پر توجہ دی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں، جس میں وفاقی، صوبائی اور عسکری حکام کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندے بھی شریک تھے، قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور سیکیورٹی خطرات کے خلاف مزاحمت بڑھانے کے لیے غلط معلومات کا سدباب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

رہنماؤں نے جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کے ذمہ داروں کی نشاندہی اور ان کے بے نقاب کرنے کا عزم کیا، تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور بین الاقوامی برادری کے سامنے جوابدہ ٹھہرایا جا سکے۔

انہوں نے روایتی اور ڈیجیٹل دونوں میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری ملک دشمن مہمات کا مؤثر جواب دینے کا بھی عزم کیا۔

اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ قومی ایکشن پلان (این اے پی) کے تحت قومی بیانیے کو مضبوط بنانے کا تھا، جس کے لیے نیشنل نیریٹو کمیٹی کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مؤثر بیانیہ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

قومی سلامتی اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے والے مواد کی تشہیر روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، خاص طور پر ایسی غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے خلاف جو قومی مفاد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

نوجوانوں کو مؤثر طریقے سے شامل کرنے کے لیے حکومت نے قومی بیانیے کو فروغ دینے اور انتہا پسند نظریات کا مقابلہ کرنے کے لیے فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں قومی موضوعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تمام صوبوں نے اس اقدام میں تعاون پر اتفاق کیا تاکہ نوجوان نسل پر مثبت اثر ڈالا جا سکے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں قومی پیغام کو عام کرنے، دہشت گردی کے منفی اثرات سے نمٹنے اور خاص طور پر سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

جعلی ویڈیوز اور دیگر گمراہ کن مواد کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ مستند معلومات کے فروغ پر بھی زور دیا جائے گا۔

مزید برآں اجلاس میں دہشت گردی سے متعلق امور کے بارے میں آگاہی کو قومی نصاب میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آنے والی نسلوں کو انتہا پسندی کے خطرات سے آگاہ کیا جاسکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف