چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان جنوبی ایشیائی ملک میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اقدامات پر بات چیت جاری ہے۔
چین کے صوبہ ہینان میں بواؤ فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے اور پاکستان ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں دونوں ممالک معلومات کے تبادلے اور معیاری عملی طریقہ کار کی تشکیل میں قریبی تعاون کررہے ہیں تاکہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
ہم اپنے چینی دوستوں کو ان اقدامات سے باخبر رکھتے ہیں جو ہم اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے چین اپنی فورس تعینات کرنے پر زور دیا ہے کیونکہ وہ اپنے شہریوں پر مسلسل حملوں سے نالاں ہے۔
یہ مطالبہ اس وقت زور پکڑ گیا جب گزشتہ اکتوبر میں کراچی ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں دو چینی انجینئر جاں بحق ہوگئے تھے، جو وہاں پاور پلانٹ میں کام کے لیے واپس آ رہے تھے۔
سفیر نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان گہرا اعتماد قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ سیکیورٹی صورتحال ہے لیکن ہمارے پاس ان دہشت گرد قوتوں کا مقابلہ کرنے انہیں روکنے اور شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے۔
Comments