پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 اور 23 مارچ کی رات کو پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سیکورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی سے روک لیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی اس کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد تمام 16 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے عبوری افغان حکومت پر مسلسل زور دیا ہے کہ وہ موثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔
بیان کے مطابق عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور عسکریت پسندوں کی جانب سے اپنی سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
Comments