پاکستان

یوم پاکستان پر اسلام آباد میں فوجی پریڈ کا انعقاد

  • اس موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
شائع March 23, 2025

یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو منظور کی گئی تاریخی قرارداد لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا ایجنڈا طے کیا تھا۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اپنے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی غیر متزلزل قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے انکی بے مثال خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کے لئے کسی بھی قربانی کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ ان کی بہادر مسلح افواج قوم کی حمایت سے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان پر بری نظر ڈالنے کی کوشش کی ہے جبکہ خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم عزائم کو حاصل کرنا چاہتی ہیں لیکن وہ انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ قوم اور مسلح افواج متحد ہیں اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود وہ قوم کی تعمیر جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ ان کی بہادر مسلح افواج قوم کی حمایت سے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی خوشحالی، سماجی انصاف کو برقرار رکھنے اور محنت سے دنیا بھر میں اپنا جائز مقام حاصل کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی متاثر کن قیادت کی رہنمائی میں انہوں نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا جہاں مسلمان وقار، آزادی اور عزت نفس کے ساتھ رہ سکیں۔

Comments

200 حروف