پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے حکام پر مشتمل جوائنٹ بورڈ آف آفیسرز (بی او او) نے پارا چنار ایئرپورٹ کا دورہ کیا تاکہ امدادی سامان اور مسافروں پر مشتمل پروازوں کے لیے آپریشنل فزیبلٹی کا جائزہ لیا جاسکے۔
پی اے اے کے مطابق یہ دورہ وزارت دفاع کی ہدایات کے مطابق کیا گیا تھا۔ آٹھ رکنی کمیٹی میں پی اے اے کے چھ اور پی آئی اے سی ایل کے دو افسران شامل ہیں۔
ٹیم کی قیادت ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز (آئی آئی اے پی) یونس لقمان قاضی نے کی، جس کے ممبران میں ڈپٹی اے پی ایم (بی کے آئی اے پی) محسن احمد غوری اور سینئر جے ٹی او سی این ایس (بی کے آئی اے پی) انجینئر شاہ جہاں شامل تھے۔
دورے کے دوران کمیٹی نے ٹرمینل بلڈنگ، رن وے، فائر گیراج، پی اے اے رہائش، جنریٹر روم اور دیگر آپریشنل سہولیات سمیت ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے کا جامع معائنہ کیا۔
انسپکشن کے بعد بی او او کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر پاراچنار سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پاراچنار ایئرپورٹ پر آپریشنز کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسپکشن کے نتائج کو فزیبلٹی رپورٹ میں مرتب کیا جائے گا جو پاراچنار ایئرپورٹ کو تجارتی اور انسانی مقاصد کے لیے دوبارہ فعال کرنے سے متعلق مستقبل کے فیصلوں کی بنیاد بنے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی اے اے ملک بھر میں فضائی رابطے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments