نوجوان بیٹر حسن نواز کی تیزرفتار سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار واپسی کی اور آکلینڈ میں ناقابل شکست 105 رنزبنا ڈالے جس کی بدولت پاکستان نے 205 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیویز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا تاہم اوپنر محمد حارث 74 کے مجموعی اسکور پر 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر حسن نواز کا ساتھ دینے کپتان سلمان علی آغا آئے جنہوں نے 31 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

23 سالہ بیٹر نے 44 گیندوں پر سنچری بنائی جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری ہے۔

نواز نے ابتدائی ناکامیوں کو پس پشت ڈال کر شاندار اننگز کھیلی، جس میں گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس، خصوصاً ریمپ شاٹس شامل تھے ۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ایڈن پارک کی مختصر باؤنڈریز کا بھرپور فائدہ اٹھایا، ان کی اننگ میں 10 چوکے اور 7 زبردست چھکے شامل تھے ۔

کیوی بالرز کی جانب سے واحد وکٹ جیکب ڈفی نے حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

مارک چیپمین کی شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لئے 205 رنز کا ہدف دیا۔

کیویز کی جانب سے مارک چیپمین شاندار کھیل پیش کیا، ایڈن پارک کی چھوٹی باؤنڈریز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے محض 44 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 94 رنز دھواں دار اننگز کھیلی۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر چیپمین اپنی دوسری ٹی 20 سنچری سے محروم رہ گئے انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔

میزبان ٹیم کے باقی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے، صرف کپتان مائیکل بریسویل نے 31 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 204 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے بریسویل کو بولڈ کیا اور پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں صرف 29 رنز کے عوض حاصل کیں۔

شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے 2 ، 2 جب کہ شاداب خان عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے ۔

پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ اتوار کو ہوگا۔

یاد رہے کہ افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں،عباس آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرایا گیا ۔

Comments

200 حروف