کینیا نے پاکستانی چاول کی کسٹمز ویلیوایشن میں کمی کردی جس سے توقع ہے کہ پاکستانی چاول کی کینیا کی مارکیٹ میں برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

پاکستان نے سفارتی اور تجارتی سطح پر ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی چاول کی برآمدات کے لیے کینیا میں کسٹم ویلیوایشن 615 ڈالر فی میٹرک ٹن سے کم کرکے 460 ڈالر فی میٹرک ٹن کروانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

یہ اہم پیشرفت پاکستانی چاول کو کینیا کی مارکیٹ میں مزید مسابقتی بنانے میں مدد دے گی جس سے نہ صرف برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔

یہ پیشرفت پاکستانی برآمد کنندگان کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے کینیا میں کسٹم ویلیوایشن میں عدم توازن پر آواز بلند کی تھی۔

نیروبی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے تجارتی مشن نے اس مسئلے کے حل کے لیے فعال کردار ادا کیا، کینیا ریونیو اتھارٹی (کے آر اے) سے وسیع سفارتی مذاکرات اور رابطے کیے۔

سرکاری مراسلوں، اعلیٰ سطح ملاقاتوں اور کینیا کے صدر کے دفتر کے نمائندگان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے، تجارتی مشن نے کامیابی سے قیمتوں میں کمی کے حق میں حمایت کی جو پاکستان کی چاول کی صنعت کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نے کینیا میں پاکستانی تجارتی مشن کی کوششوں کو سراہا ہے جو اس اہم مسئلے کے حل میں کامیاب رہا۔ نظرثانی شدہ کسٹمز قیمتوں سے پاکستانی چاول کینیا کی مارکیٹ میں سستا اور مسابقتی ہوگا، جس سے برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع ملیں گے اور پاکستان کی چاول کی عالمی سطح پر پوزیشن مزید مضبوط ہو گی۔

یہ کامیابی پاکستان کی تجارتی رکاوٹوں کو حل کرنے اور اپنے برآمد کنندگان کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے، حکومت عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے کام کررہی ہے۔

کینیا میں کامیابی پاکستان کی فعال سفارتی اور تجارتی اقدامات کا ثبوت ہے جو ملک کی زرعی برآمدات کے فروغ اور عالمی سطح پر اس کے اقتصادی اثرات کو بڑھانے کے لیے ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف