ان ڈرائیو اور یوسف ڈيوان کمپنیز (وائے ڈی سی) نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کے فروغ کے لیے اشتراک کرلیا جس کا خاص مقصد شہری نقل و حمل میں پائیدار چار پہیوں والی ای ویز متعارف کرانا ہے۔
یہ شراکت کراچی لاہور اور اسلام آباد میں ہونری الیکٹرک وہیکلز متعارف کروا رہی ہے، جس سے مسافروں کو ملک کے نمایاں رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارم کے ذریعے ماحول دوست سفری سہولت کا پہلا تجربہ حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
اس شراکت داری کے آغاز پر ان ڈرائیو اور وائے ڈی سی رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایک خصوصی مہم کا آغاز کررہے ہیں جس کے تحت مسافروں کو ہونری الیکٹرک گاڑیوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان ڈرائیو پاکستان کے کنٹری لیڈ محمد اویس کے مطابق یہ اقدام نہ صرف پائیدار ٹرانسپورٹ کو فروغ دے گا بلکہ اس مقدس مہینے میں ایک بامعنی خدمت بھی فراہم کرے گا۔
محمد اویس نے کہا کہ ان ڈرائیو میں ہم مثبت تبدیلی لانے کیلئے جدید اور مؤثر اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، یہ مہم ہماری پائیدار اور قابلِ رسائی سفری سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ یہ شراکت پاکستان میں بڑھتی ہوئی الیکٹرک وہیکل انڈسٹری میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوتی ہے کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ چار پہیوں والی الیکٹرک گاڑیاں کسی رائیڈ ہیلنگ سروس میں شامل کی گئی ہیں۔ ہونری، جو پاکستان کی پہلی چار پہیوں والی الیکٹرک گاڑی بنانے والی کمپنی ہے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے دونوں کمپنیاں فوسل فیول پر انحصار کم کرنے اور ملک کی صاف توانائی کی طرف منتقلی کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments