پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) ماسٹرز 45+ ورلڈ چیمپیئن شپ میں جرمنی کو 2-1 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

ترکی کے شہر مانوگاٹ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 21 ممالک نے 45 سال سے زائد عمر کی کیٹیگری کے تحت مردوں کے ٹیم ایونٹ میں حصہ لیا جسے ڈبلر کپ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

کپتان اعصام الحق قریشی ، عقیل خان اور شہریار سلامت پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے ڈیبیو میں شاندار آغاز کرتے ہوئے رومانیہ اور ترکی کو گروپ مرحلے میں 3-0 سے شکست دی تھی۔

قومی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں چیک ریپبلک کو 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ تاہم سیمی فائنل میں انہیں فرانس کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ عقیل خان نے سنگلز میں سخت مقابلے میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد پاکستان ڈبلز میچ میں پیچھے رہ گیا۔

تیسری پوزیشن کے پلے آف میں پاکستان نے جرمنی کو 2-1 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ اعصام الحق قریشی نے سنگل میچ سے ریٹائرمنٹ لے لی لیکن عقیل خان نے زبردست جیت حاصل کرتے ہوئے ٹائی برابر کر دی۔ اس کے بعد تجربہ کار جوڑی نے فیصلہ کن ڈبلز میچ کو محفوظ بنانے کے لئے مل کر جدوجہد کی۔

پی ٹی ایف نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑی اب چیمپئن شپ کے دوسرے ہفتے میں انفرادی زمروں میں حصہ لیں گے۔

رواں ماہ کے اوائل میں پاکستان کی وہیل چیئر ٹینس ٹیم نے بھی ایران کو 2-1 سے شکست دے کر بی این پی پریبس ورلڈ ٹیم کپ وہیل چیئر ٹینس ایشین کوالیفکیشن ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ڈبلز کے فیصلہ کن میچ میں آصف اور فدا نے 6-4، 6-4 سے فتح حاصل کی تھی۔

Comments

200 حروف