پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے 15 مارچ 2025 کو چین میں ہونے والی ایک تقریب میں ہنگور کلاس کی دوسری آبدوز پی این ایس شوشک کو لانچ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔
تقریب کے دوران وائس ایڈمرل بلگرامی نے میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت اور قومی مفادات کے تحفظ اور سازگار سمندری ماحول کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے آبدوز پروگرام کی اسٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلاشبہ پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
ہنگور کلاس آبدوزیں پاکستان کے بحری بیڑے کو جدید بنانے اور بحر ہند کے خطے میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کی کوششوں کا ایک اہم جزو ہیں۔
یہ منصوبہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے جس میں ہنگور کلاس کی آٹھ آبدوزوں کا حصول بھی شامل ہے۔
معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تعمیر کی جائیں گی جبکہ باقی چار کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی (ٹی او ٹی) معاہدے کے تحت تعمیر کی جائیں گی۔
Comments