پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں سیکورٹی فورسز نے 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں نو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلا آپریشن عسکریت پسندوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاعات پر ضلع مہمند میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا پتہ لگاکر مؤثر انداز میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 7 خوارج کو واصل جہنم کیا گیا۔
بیان کےمطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے مالا کنڈ کے رہائشی 37 سالہ حوالدار محمد زاہد اور چترال کے رہائشی 26 سالہ سپاہی آفتاب علی شاہ شہید ہوئے۔
بیان میں دونوں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے جواں مردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے عظیم قربانی دی۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان ضلع کے علاقے مڈی میں فورسز نے ایک اور آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگردوں کو موت کی نیند سلادیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوران آپریشن فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو خارجی دہشتگرد مارے گئے۔
بیان کے مطابق ہلاک شدت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا اور وہ دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے سے تمام دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے پاکستان کی سیکورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments