استنبول میں موٹوبائیک فیئر کا آغاز ہوگیا ۔ چار روزہ نمائش میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے تحت پاکستان کی 5 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ۔ پاکستان کے قونصل جنرل نعمان اسلم اور ان کی ٹیم نمائش کے دوران پاکستانی کمپنیوں کو سہولت فراہم کررہی ہیں۔
گزشتہ سال ٹڈاپ نے تین پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شرکت کی تھی جن کا تعلق بنیادی طور پر موٹربائیک کے ربڑ ٹائرز اور ٹیوبز کے ذیلی شعبے سے تھا جبکہ رواں سال موٹوبائیک 2025 میں پیش کیے جانے والے پاکستانی مصنوعات میں ربڑ ٹائرز اور ٹیوبز کے علاوہ حفاظتی اسپورٹس دستانے، موٹربائیک کے خصوصی لباس اور جوتے شامل ہیں۔
گزشتہ 3 سال کے دوران ترکیہ میں دو پہیوں والی گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ موٹر اسپورٹس کا رجحان بھی بڑھا ہے۔ اس سے پاکستانی برآمدی کمپنیوں کے لیے ترکیہ میں متعلقہ مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے اچھے مواقع میسر آئیں گے۔
نمائش میں یورپ، افریقہ، مشرق وسطیٰ، ایشیا اور وسطی ایشیا سے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریدار شرکت کریں گے جس سے پاکستانی کمپنیوں کو ان کے ساتھ بات چیت کرنے اور دیگر مارکیٹوں میں بھی برآمدات سے متعلق مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔
نمائش میں یورپ، افریقہ، مشرق وسطیٰ، ایشیا اور وسطی ایشیا سے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریدار شرکت کررہے ہیں جس سے پاکستانی کمپنیوں کو ان سے روابط بڑھانے اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں میں برآمدات کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ چار روزہ نمائش کا اختتام 15 مارچ 2025 کو ہوگا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments