بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے اعتراف کیا ہے کہ دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز ایک ہی مقام پر کھیلنا ان کیلئے فائدہ مند رہا ہے۔
محمد شامی نے منگل کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے سیمی فائنل میں تین وکٹوں کے عوض 48 رنز دیے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے سابق اور موجودہ کرکٹرز کی ان باتوں کو سختی سے رد کردیا جن میں کہا جارہا ہے کہ بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ایک ہی مقام پر کھیلنے کی وجہ سے فائدہ ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اس کے تمام میچز دبئی منتقل کردیے گئے ۔
اتوار کو دبئی میں ہونے والے فائنل میں بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ یا نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
دوسری جانب ون ڈے مقابلے کی دیگر 7 ٹیموں کو 3 پاکستانی شہروں اور متحدہ عرب امارات سفر کرنا پڑا۔
آسٹریلیا کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد شامی نے منگل کو کہا کہ ایک ہی جگہ کھیلنے سے سے یقینی طور پر ہمیں مدد ملی کیونکہ ہم پچ کے حالات اور طرز عمل کو بہتر سمجھ چکے ہیں۔
یہ ایک پلس پوائنٹ ہے کہ آپ تمام میچ ایک ہی مقام پر کھیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت دبئی میں کھیلے گئے 10 ون ڈے میچوں میں ناقابل شکست ہے جن میں سے انہوں نے 9 میچز جیتے ہیں۔
ورلڈ کلاس
34 سالہ شامی نے بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کی افتتاحی جیت میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پرانی گیند کے ساتھ ریورس سوئنگ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر شامی نے کرکٹ حکام سے درخواست کی کہ وہ 50 اوورز کے فارمیٹ میں گیند کو پالش کرنے کے لئے تھوک (لعاب)کے استعمال کی اجازت دیں ۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے 2022 میں کورونا وبا کے دوران گیند پر تھوک لگانے پر پابندی عائد کی تھی جسے بعد میں مستقل کردیا گیا۔
محمد شامی نے کہا کہ ہم ریورس سوئنگ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن بال پر تھوک لگانے کی کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔
پرانی گیند کے ایک طرف تھوک لگانے اور دوسری طرف خشک رکھنے سے تیز گیند بازوں کو سوئنگ کرانے میں مدد ملتی ہے۔
تاہم وہ اب بھی پسینے کا استعمال کرسکتے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے آغاز میں محمد شامی نے زبردست پرفارمنس دی، لیکن پاکستان کے خلاف میچ کے دوران وہ کچھ وقت کے لیے میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
محمد شامی نے اپنی فٹنس سے متعلق تمام خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے رِدھم کو واپس لانے کی کوشش کررہا ہوں اور لمبے اسپیل کرانے کیلئے تیار ہوں۔
Comments